پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثانیہ شیخ کی غزلیں — Sania Shaikh Ghazals

ثانیہ شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر کہی ان کہی سمجھتا ہے (غزل)

ہر کہی ان کہی سمجھتا ہے

دل تری خامشی سمجھتا ہے

چپ یوں ہی بے سبب نہیں رہتا

وہ مری شاعری سمجھتا ہے

دل کو الجھا نہ یوں سوالوں میں

یہ تری سادگی سمجھتا ہے

ہر کسی سے نہیں کیا کرتے

بات کب ہر کوئی سمجھتا ہے

میں سمجھتی ہوں جو تجھے ہمدم

کیا مجھے تو وہی سمجھتا ہے

روٹھتا ہی نہیں کسی صورت

دل تری بے بسی سمجھتا ہے

اک زمانہ گزر گیا ہے مجھے (غزل)

اک زمانہ گزر گیا ہے مجھے

اک خدا نے گلے لگایا تھا

جو مرے ساتھ چل کے آیا تھا

تیری آواز کا ہی سایا تھا

تیری پیشانی کے ستارے کو

دل مرا چومنے کو آیا تھا

ایک زنجیر کھولنی ہوگی

ایک پاؤں اگر اٹھایا تھا

ایک خوشبو مجھے بلاتی ہے

اک تمنا نے سر اٹھایا تھا

اب تری ہارنے کی باری ہے

جیت کا شوق جو چرایا تھا

بے سبب تلخیاں نہیں ہوتیں

زہر برسوں مجھے پلایا تھا

تم آنکھیں کھولتے ہو (نظم)

تم آنکھیں کھولتے ہو

تو تتلیوں کے پر

مجھے چھو کر گزرتے ہیں

کنول کے پھول

دل کی جھیل میں ہلکورے

لیتے ہیں

تمہارے بازوؤں میں

آسماں کی رفعتیں

بسرام کرتی ہیں

میں اپنے ادھ کھلے خوابوں

کو ریشمی آواز دیتی ہوں

خمار آلود مشک بار نظمیں

میرے در پہ

دستک سی دیتی ہیں

مزید غزلیں از ثانیہ شیخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں