پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سندیپ ٹھاکر کی غزلیں — Sandeep Thakur Ghazals

سندیپ ٹھاکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا ستاروں کو تکا ہے رات بھر پل پل کبھی (غزل)

کیا ستاروں کو تکا ہے رات بھر پل پل کبھی

چاند کے گالوں پہ پڑتے دیکھے ہیں ڈمپل کبھی

نام میرا یاد کرکے چسکیوں کے بیچ میں

کیا ہوئی ہے چائے کے کپ میں ترے ہلچل کبھی

جانتا ہوں عمر بھر تو ساتھ دے سکتا نہیں

پر ذرا سی دور تک تو ساتھ میرے چل کبھی

سرچ کرنا ہے مجھے بیکار انٹرنیٹ پر

دھڑکنوں میں اپنی میرا نام کر گوگل کبھی

انگلیوں سے کچھ سرکتا سا لگے ہے آج تک

چھو گیا تھا ہاتھ سے اک ریشمی آنچل کبھی

گھنگھروؤں کے سر جگیں گے چھت کی ہر منڈیر سے

سیڑھیاں چڑھ لے وہ گر پہنے ہوئے پائل کبھی

یہ سمجھ لینا کوئی رویا بہت ہے یاد میں

پھیل جائے جب تمہاری آنکھ سے کاجل کبھی

چند کرنیں دھوپ کی چھن کر ہوئی بس سانولی

روک پائے پر کہاں سورج کو یہ بادل کبھی

زندگی اک فلم ہے ملنا بچھڑنا سین ہیں (غزل)

زندگی اک فلم ہے ملنا بچھڑنا سین ہیں

آنکھ کے آنسو ترے کردار کی توہین ہیں

ایک ہی موسم وہی منظر کھٹکنے لگتا ہے

سچ یہ ہے ہم عادتاً بدلاؤ کے شوقین ہیں

نیند میں پلکوں سے میری رنگ چھلکے رات بھر

آنکھ میں ہیں تتلیاں تو خواب بھی رنگین ہیں

راہ تکتی رات کا یہ رنگ ہے تیرے بنا

چاند بھی مایوس ہے تارے بھی سب غمگین ہے

انگلیوں پہ گن مری تنہائیوں کے ہم سفر

اک اداسی جام دوجا یاد تیری تین ہیں

قاعدے سے کب جیا ہے زندگی میں نے تجھے

میں ترا مجرم ہوں میرے جرم تو سنگین ہیں

خوش نما ماحول تھا کل تک تھرکتے تھے سبھی

آج آخر کیا ہوا ہے لوگ کیوں غمگین ہیں

مزید غزلیں از سندیپ ٹھاکر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں