سندیپ شجر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک نظر دیکھ لے تو ادھر زندگی (غزل)
اک نظر دیکھ لے تو ادھر زندگی
کیسے ہوتی ہے تجھ بن بسر زندگی
اک صدی کی طرح عمر گزری مری
زندگی تھی مگر مختصر زندگی
ہاتھ سے ہاتھ چھوٹا ہے جب سے ترا
ڈھونڈھتا ہوں تجھے در بدر زندگی
روح سے دل سے رشتہ رہا ہی نہیں
لوگ جیتے رہے جسم بھر زندگی
سانس بوجھل ہوئی جسم بھی تھک گیا
موت بولی کہ چل میرے گھر زندگی
موت نے اک مکمل ٹھکانا دیا
اب نہ آنا ادھر سے ادھر زندگی
جو کہیں بھی ٹھہر جائے سو اور ہے
اے شجر ہے مسلسل سفر زندگی
ہم اسے پیار کا تحفہ بھی نہیں دے سکتے (غزل)
ہم اسے پیار کا تحفہ بھی نہیں دے سکتے
مسئلہ یہ ہے کہ دھوکا بھی نہیں دے سکتے
بیچ مجھدھار میں خود چھوڑ دی جس نے پتوار
اب اسے تم کوئی تنکا بھی نہیں دے سکتے
دریا دل وہ کے ہمیں سونپ دی غم کی جاگیر
خود غرض ہم اسے حصہ بھی نہیں دے سکتے
چاند بھی دور ادھر اور ہوا بھی ہے خلاف
ہم تو اڑتا ہوا بوسہ بھی نہیں دے سکتے
بے سبب بھیڑ میں رہتے ہیں وہ بے چین مگر
میری تنہائی کو لمحہ بھی نہیں دے سکتے