پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سندیپ کول نادم کی غزلیں — Sandeep Koul Nadim Ghazals

سندیپ کول نادم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ میرے حال دل سے اس قدر بھی بے خبر ہوگا (غزل)

وہ میرے حال دل سے اس قدر بھی بے خبر ہوگا

خبر کیا تھی کہ یوں بے حس وہ میرا ہم سفر ہوگا

کہ ہم تو عمر بھر لڑنے کی خواہش لے کے آئے تھے

خبر کیا تھی کہ وقت فیصلہ یوں مختصر ہوگا

چراغ غم جلایا تھا اجالوں کی امیدوں میں

خبر کیا تھی مری کوشش کا الٹا ہی اثر ہوگا

دبے شعلوں کو بھڑکایا کہ ان کا آشیاں سلگے

خبر کیا تھی جلے گا جو مرا اپنا ہی گھر ہوگا

وہ جب رخصت ہوا اس کو پکارا بھی نہیں ہم نے

خبر کیا تھی کی پچھتاوا ہمیں پھر عمر بھر ہوگا

جہاں میری ہر اک حسرت حقیقت میں بدل جائے

خبر کیا تھی مرے خوابوں کا وہ ساحل کدھر ہوگا

جسے ہم ڈھونڈھتے پھرتے تھے خوابوں میں خیالوں میں

خبر کیا تھی وہ صدیوں سے ہمارا منتظر ہوگا

چشم تر ہے کوئی سراب نہیں (غزل)

چشم تر ہے کوئی سراب نہیں

درد دل اب کوئی عذاب نہیں

کیسے اس بات پر یقیں کر لوں

تو حقیقت ہے کوئی خواب نہیں

موسم گل کا ذکر رہنے دے

یہ مری بات کا جواب نہیں

تو اگر غم سے اجنبی ہے تو

حال اپنا بھی اب خراب نہیں

مان لیتا ہوں میں نہیں مجنوں

تیرا رخ بھی تو ماہتاب نہیں

کیا کروں حسن کا تصور اب

تیرے چہرے پہ جب نقاب نہیں

دیر پہچاننے میں پل بھر کی

یہ کوئی باعث اضطراب نہیں

عمر گزری ہے معذرت کرتے

غفلتیں میری بے حساب نہیں

تپتی راہوں سے چل چل کے (نظم)

تپتی راہوں سے چل چل کے

جب چھاؤں کی خواہش بھی نہ رہی

عاشقوں کی روانی روک تو لی

قطرہ قطرہ امید بہائی

یہ عشق کہاں لے جائے گا

بے خواب سویروں کی آواز

پر نور شبوں کو بھول گئے

انداز بیاں میں الجھ گئے

شیریں لبوں کو بھول گئے

صدیوں کی تھکن سے جیت کے بھی

اک پل کی نراشا سہہ نہ سکے

ساگر پینے کا دعویٰ ہے

دو اشک بہے بن رہ نہ سکے

لے گیا جہاں لے جانا تھا

کچھ خاص مزے کی جگہ نہیں

جس کی خاطر دل کو توڑیں

مر جائیں یہ وو وجہ نہیں

ہستی کے اور بھی مدعا ہیں

ہنسنے کے بہانے اور بھی ہیں

خواہش کے دریچے ہیں ہر سو

اور غم کے فسانے اور بھی ہیں

مزید غزلیں از سندیپ کول نادم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں