پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثناء اللہ ظہیر کی غزلیں — Sanaullah Zaheer Ghazals

ثناء اللہ ظہیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود میں اترے اور طغیانی سے باہر آ گئے (غزل)

خود میں اترے اور طغیانی سے باہر آ گئے

آ کے گہرائی میں ہم پانی سے باہر آ گئے

اس کی رونق میں بہت سنسان سے لگتے تھے ہم

شہر سے نکلے تو ویرانی سے باہر آ گئے

لفظ وہ جن کو زباں تک لانے کی ہمت نہ تھی

آخر اک دن میری پیشانی سے باہر آ گئے

دم بخود اس حسن کو ہی دیکھتے رہتے تھے ہم

یوں برت ٹوٹا کہ حیرانی سے باہر آ گئے

آستیں میں پل رہے تھے لیکن اک دن یوں ہوا

سانپ آپس کی پریشانی سے باہر آ گئے

وہ تعلق ہم کو قید خواب جیسا تھا ظہیرؔ

کھل گئیں آنکھیں تو آسانی سے باہر آ گئے

ذرا اشارہ ہوا آسماں کے اندر سے (غزل)

ذرا اشارہ ہوا آسماں کے اندر سے

دعا پہنچ بھی گئی خاکداں کے اندر سے

کہانی پھیل رہی ہے اسی کے چاروں طرف

نکالنا تھا جسے داستاں کے اندر سے

مجھے پڑاؤ میں خطرہ سفر سے بڑھ کر ہے

کہ راہزن ہے مرے کارواں کے اندر سے

تو مجھ میں آ کے مکیں ہو گیا تو ہر آسیب

نکل گیا ہے مرے جسم و جاں کے اندر سے

میں صرف دیکھنے آیا ہوں رونق بازار

غرض نہیں ہے کسی بھی دکاں کے اندر سے

نئے سرے سے بنانا پڑا ہے اب خود کو

تلاش کر کے مجھے رائیگاں کے اندر سے

ترے خلاف گواہی جو بن گئے ہیں وہ لفظ

لئے گئے ہیں ترے ہی بیاں کے اندر سے

میں درمیاں ہوں الاؤ کے اور مری آواز

تو سن رہا ہے اسی درمیاں کے اندر سے

لگا رہا تو کسی دن کشید کر لوں گا

نئی زبان پرانی زباں کے اندر سے

ابھی تو یہ در و دیوار جانتے ہیں مجھے

ابھی تو میں نہیں نکلا مکاں کے اندر سے

ظہیرؔ پار اترنے کا فیصلہ جو کیا

کنارہ مل گیا آب رواں کے اندر سے

مزید غزلیں از ثناء اللہ ظہیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں