ثنا اللہ ثنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دلوں میں آدمیت سو رہی ہے (غزل)
دلوں میں آدمیت سو رہی ہے
زمیں کیا بوجھ اپنا ڈھو رہی ہے
ذرا اے عشق تو رہنا سنبھل کر
شرارت حسن کی کچھ ہو رہی ہے
ہماری آرزوؤں کے محل میں
اداسی بال کھولے سو رہی ہے
جہاں تھے غلغلے کل محو رقصاں
وہاں پہ خامشی اب رو رہی ہے
ثناؔ تیرے غبار آئنہ کو
اسی کی یاد میں تو دھو رہی ہے
لہو کی بات کریں اور چمن کی بات کریں (غزل)
لہو کی بات کریں اور چمن کی بات کریں
کچھ اپنی بات کریں کچھ وطن کی بات کریں
کہیں نہ تیغ زنی ہو کہیں نہ خون بہے
جو مل کے ہم کبھی گنگ و جمن کی بات کریں
وہ گفتگو ہو گلوں کی کہ ہو چمن کا خیال
تو سب سے پہلے ہم اس کے بدن کی بات کریں
جھلس رہا ہے جو نفرت کی آگ میں گلشن
تو کیوں نہ بلبلیں رنج و محن کی بات کریں
جہاں کے عیش و طرب کو دوام ہے حاصل
ثناؔ سے کہئے اسی انجمن کی بات کریں
مزید غزلیں از ثنا اللہ ثنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں