ثنا گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جان جہاں جان جاں جان جگر مرحبا (غزل)
جان جہاں جان جاں جان جگر مرحبا
جوئے بدن آفریں موج کمر مرحبا
لعل یمن ایک سنگ در عدن ایک سنگ
ایک لب سرخ رنگ رشک گہر مرحبا
پیرہن نیم پوش گل بدن نیم ہوش
زلف قبا ہو گئی تا بہ کمر مرحبا
ساقیٔ صندل جبیں بنت عنب آتشیں
آگ ہوئی شبنمیں دست ہنر مرحبا
جلوہ کرے حشر خیز پردہ کرے تیز تیز
موئے بدن ہو گیا تار نظر مرحبا
اداس اک روز کر گیا میں تو کیا کرو گے (غزل)
اداس اک روز کر گیا میں تو کیا کرو گے
تمہارا شاعر ہوں مر گیا میں تو کیا کرو گے
ہزار ہاتھوں سے میں سمیٹے ہوئے ہوں تم کو
اگر کہیں خود بکھر گیا میں تو کیا کرو گے
مرے قدم سے قدم ملا کر تو چل رہے ہو
جو تم سے آگے گزر گیا میں تو کیا کرو گے
کسے پکارو گے اور کس کو صدائیں دو گے
سکوت جاں میں اتر گیا میں تو کیا کرو گے
جو درد سا کائنات میں ہے وہ درد بن کر
تمہارے دل میں اتر گیا میں تو کیا کرو گے
تمہاری زلفوں سے کھیلتے کھیلتے کسی روز
ہوا سے آگے گزر گیا میں تو کیا کرو گے
جو ہم نے کھائی تھیں جینے مرنے کی ساتھ قسمیں
اگر وہ خود توڑ کر گیا میں تو کرو گے
تارکول سا سیاہ آسمان (نظم)
تارکول سا سیاہ آسمان
اپنی پتھرائی آنکھوں اور
موم جیسی پتلیوں سے
گریۂ شب کرتا رہا
واہ کیا جھرنا تھا
کیا آبشار تھا
کیا جل ترنگ تھا کہ
آدم نے زمین پر سجدۂ شکر ادا کیا اور
اپنے کفن تک کو
بے داغ بارش کی طرح
سفید و شفاف رکھا
آج بارش کالی ہو گئی تو
کیا میں اپنے کفن کے رنگ کو کالا کر لوں
نہیں ہرگز نہیں
اس سے بہتر ہے کہ
خود اپنے لہو میں نہا کر
بے گور و کفن ہی سہی
شہید و سرخ رو ہو جاؤں