ثنا اسلم خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں نے خود کو مار دیا ہے اب خوش ہو نا (غزل)
میں نے خود کو مار دیا ہے اب خوش ہو نا
جرم محبت کی یہ سزا ہے اب خوش ہو نا
ہر خواہش سینے کے اندر دفن ہوئی ہے
ہر جذبے کا خون ہوا ہے اب خوش ہو نا
دل کی بربادی میں تمہارا دخل نہیں ہے
یہ میری قسمت کا لکھا ہے اب خوش ہو نا
میری اداس آنکھوں میں جو اک خواب سجا تھا
وہ تو کب کا ٹوٹ چکا ہے اب خوش ہو نا
رسم وفا کا پاس رکھا ہے ہونٹ سیے ہیں
تم نے جو بولا وہ کہا ہے اب خوش ہو نا
دیکھو تمہارے زعم پہ کوئی حرف نا آیا
جو کچھ ہے وہ میری خطا ہے اب خوش ہو نا
میں غزلوں میں حد سے سوا محتاط رہی ہوں
جو دل میں تھا دل میں رکھا ہے اب خوش ہو نا
اس نے ثناؔ آنکھوں کو میری اشک دئے اور
اب وہ مجھ سے پوچھ رہا ہے اب خوش ہو نا
دل صحرا اور آنکھ سمندر یاد میں تیری (غزل)
دل صحرا اور آنکھ سمندر یاد میں تیری
اک ہنگامہ روح کے اندر یاد میں تیری
مدت گزری خوشیوں سے یارانا ٹوٹا
دکھ ہے مسلسل رنج برابر یاد میں تیری
آنکھیں سونی زلفیں بکھریں لب پہ خموشی
حال ہوا ہے بد سے بد تر یاد میں تیری
چاند کا جھگڑا تاروں سے ہے جانے کب سے
تنہا دھرتی تنہا امبر یاد میں تیری
شام ڈھلے آنکھوں سے بارش رم جھم رم جھم
بھیگ رہے ہیں تکیہ چادر یاد میں تیری
گرد جمی ہے گلیوں میں اور چوباروں میں
دھندلے دھندلے سارے منظر یاد میں تیری
تیری ثناؔ ہے تیرے بنا کچھ ایسے زندہ
خود سے خفا رہتی ہے اکثر یاد میں تیری