پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثنا ہاشمی کی غزلیں — Sana Hashmi Ghazals

ثنا ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جسم میں زندگی کسمسانے لگی (غزل)

جسم میں زندگی کسمسانے لگی

دیکھتے دیکھتے جان جانے لگی

وصل کی چھاؤں میں لہلہاتی تھی جو

ہجر کی دھوپ اس کو جلانے لگی

لب سلے ہی رہے مصلحت میں جہاں

آنکھ میری وہاں ڈبڈبانے لگی

مجھ سے لپٹے تھے یادوں کے جالے ترے

دھیرے دھیرے جنہیں میں ہٹانے لگی

بے بسی سے بھی ہے یہ بڑی بے بسی

نام لکھ لکھ کے تیرا مٹانے لگی

کیفیت دل کی سب سے چھپائی ہے یوں

بھیگی پلکیں تو میں مسکرانے لگی

ناخدا نے بھی چھوڑا ہے مجھ کو وہاں

میری کشتی جہاں ڈگمگانے لگی

ہو گئے سب پریشاں مری ذات سے

زندگی کیوں برے دن دکھانے لگی

بے اثر ہو گئی جب وضاحت ثناؔ

خامشی ساتھ تب سے نبھانے لگی

بے سبب ہونے لگی جگ میں ہنسائی میری (غزل)

بے سبب ہونے لگی جگ میں ہنسائی میری

کام آئی نہ مرے حق میں صفائی میری

آشنا ہو کے بھی انجان بنے پھرتے ہیں

بھول جاتے ہیں سب اک پل میں بھلائی میری

مجھے معلوم ہے میں غیر ضروری سی ہوں

راس آئے گی یہاں سب کو جدائی میری

زہر ثابت ہوا وہ میرے لیے جانے کیوں

میں سمجھتی تھی اسے وہ ہے دوائی میری

اپنے پیاروں کو میں کر سکتی نہیں شرمندہ

اس لیے بچ گئی کٹنے سے کلائی میری

ایروں غیروں نے تو اکثر ہی سراہا ہے مجھے

میرے محسن ہی کریں اب تو برائی میری

دھوکے دیتے ہیں مجھے وہ جو وفا کے بدلے

ایسے ہی لوگوں تلک ہوگی رسائی میری

زخم سینے کے ابھر آئے ہیں رخ پر میرے

اس نے کیا سوچ کے تصویر بنائی میری

مزید غزلیں از ثنا ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں