سمیر پرمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بھری محفل میں رسوا کیوں کریں ہم (غزل)
بھری محفل میں رسوا کیوں کریں ہم
تری آنکھوں کو دریا کیوں کریں ہم
ضروری اور بھی ہیں مسئلے تو
محبت ہی کا چرچا کیوں کریں ہم
گلے سلجھائیں گے دونوں ہی مل کر
بھلا سب کو اکٹھا کیوں کریں ہم
سیاست توڑ دینا چاہتی ہے
مگر بھائی سے الجھا کیوں کریں ہم
ہمارے دل میں ہی راون ہے یاروں
زمانے بھر کو کوسا کیوں کریں ہم
تمہاری دوستی کافی نہیں کیا
کسی دشمن کو زندہ کیوں کریں ہم
نہیں ملتے یہاں انسان پرملؔ
تری دنیا میں ٹھہرا کیوں کریں ہم
اسی قاتل کا سینے میں تیرے خنجر رہا ہوگا (غزل)
اسی قاتل کا سینے میں تیرے خنجر رہا ہوگا
کہ جو چھپ کر بہت احساس کے اندر رہا ہوگا
نہ جانے کس طرح خاموش دریا میں مچی ہلچل
نگاہوں میں تری شاید کوئی کنکر رہا ہوگا
در و دیوار سے آنسو ٹپکتے ہیں لہو بن کر
اسی کمرے میں ارمانوں کا اک بستر رہا ہوگا
کہیں سمٹا ہے سناٹے کی چادر اوڑھ کر دیکھو
کبھی بستی میں وہ بھی کھلکھلاتا گھر رہا ہوگا
تمہیں بھی ہو گیا دھوکا زمیں کی ان دراروں سے
سمجھ بیٹھے ہمیشہ ہی یہ دل بنجر رہا ہوگا
رہوں خاموش میں پھر بھی فسانہ بن ہی جاتا ہے
ترے دل میں کسی اخبار کا دفتر رہا ہوگا
مجھے شہرت عطا کی زہر رسوائی کا پیکر بھی
مرے والد کے بھیتر بھی کوئی شنکر رہا ہوگا
تری بنیاد میں شامل کئی معصوم چیخیں ہیں
عمارت بن رہی ہوگی تو کیا منظر رہا ہوگا
سنا ہے آپ کے دل میں رواں ہونے لگی نفرت
یقیناً بد گماں پرملؔ کوئی شاعر رہا ہوگا