پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سمیع سلطانپوری کی غزلیں — Sami Sultanpuri Ghazals

سمیع سلطانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بستی بستی بھوک اگی ہے جنگل جنگل آگ (غزل)

بستی بستی بھوک اگی ہے جنگل جنگل آگ

آج کا انساں کھیل رہا ہے اپنے خون سے پھاگ

سڑتی لاشوں کی بدبو سے جینا ایک عذاب

شہر ہوس میں لگی ہوئی ہے ہر سو آگ ہی آگ

اس نگری میں چھیڑ رہے ہو تم گلاب کی بات

جس نگری کا بچہ بچہ ہے زہریلا ناگ

چشم زدن میں ڈھ جائے سب نفرت کی دیوار

بزم وفا میں چھیڑو یارو ایسا کوئی راگ

ادھر چھلکتے شیشہ و ساغر خالی ادھر گلاس

ساقی سے کیا شکوہ کرنا اپنا اپنا بھاگ

جن کا مقدر لفظ شناسی سے محروم سمیعؔ

میرے فن پر کرتے ہیں وہ تنقیدیں بے لاگ

دست گل یاد نہیں موج صبا یاد نہیں (غزل)

دست گل یاد نہیں موج صبا یاد نہیں

اب مجھے کچھ رخ جاناں کے سوا یاد نہیں

کون سی راہ گزر اور کہاں کی منزل

دل کو ٹک وسعت صحرا کے سوا یاد نہیں

وعدۂ وصل انہیں یاد دلایا تو کہا

کون کہتا ہے کہ پیمان وفا یاد نہیں

مے گساروں پہ وہ افتاد پڑی ہے اب کے

پی کے محفل میں بہکنے کی ادا یاد نہیں

یاد محبوب کو سینے میں بسایا جب سے

غیر تو غیر خود اپنا بھی پتہ یاد نہیں

وہ لمحے کتنے دل کش تھے (نظم)

وہ لمحے کتنے دل کش تھے

وہ گھڑیاں کتنی پیاری تھیں

جگ جگ کی دو پیاسی روحیں

بے خوف و خطر انجان ملیں

اک پیڑ کی ٹھنڈی چھاؤں تلے

وہ وقت ہے اب تک یاد مجھے

جب جنگ کے بادل چھائے تھے

دشمن سرحد پر آئے تھے

کچھ ٹینک توپ بھی لائے تھے

پھر تو وہ منہ کی کھائے تھے

بھارت کے ویر سپاہی سے

مجبور و نہتی یہ جنتا

جب مانگ رہی تھی حق اپنا

دانہ پانی روٹی کپڑا

لے کر لاٹھی ڈنڈا بھالا

مغرور سپاہی ٹوٹ پڑے

جب بھوک پلی دہقانوں میں

جب آگ لگی کھلیانوں میں

جب مانگ بڑھی سامانوں میں

روپوش ہوئے تہہ خانوں میں

بقال کے سارے بھاگ کھلے

جینے کا ہر اک سامان بکا

افلاس زدہ انسان بکا

کوڑی کوڑی ایمان بکا

سستے داموں ابھیمان بکا

پھر پاپ کے چشمے پھوٹ پڑے

مزید غزلیں از سمیع سلطانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں