پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سمیع احمد ثمر کی غزلیں — Samee Ahmad Samar Ghazals

سمیع احمد ثمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی ملتی نہیں ہے زندگی کے شہر میں (غزل)

زندگی ملتی نہیں ہے زندگی کے شہر میں

دکھ ہی دکھ ہیں آج کل اپنی خوشی کے شہر میں

مشکلیں تو ہیں بہت دنیا کے میلے میں مگر

پاتا ہوں بے حد سکوں میں بندگی کے شہر میں

چلتے پھرتے اب غزل کہنے لگا ہوں دوستو

آ گیا ہوں جس گھڑی سے شاعری کے شہر میں

اس نظارے نے اڑائے ہوش میرے یک بیک

اک سے اک دیوانے دیکھے عاشقی کے شہر میں

صرف حیواں ہی نظر آتے ہیں اب چاروں طرف

آدمی کو ڈھونڈھتا ہوں آدمی کے شہر میں

خوف کے عفریت نے حملہ کیا تو ہر طرف

چھا گیا گہرا اندھیرا روشنی کے شہر میں

اب کہیں جائے اماں ملتی نہیں مجھ کو ثمرؔ

دشمنی ہونے لگی ہے دوستی کے شہر میں

نہیں کھیل بچوں کا کھیتی کوئی (غزل)

نہیں کھیل بچوں کا کھیتی کوئی

کسانوں کے اوپر ستم کی گھڑی

کسانوں پہ گر ظلم ڈھائے گا تو

نہ ظالم رہے گی تری رہبری

یہ فرقہ پرستوں کا دیکھو کرم

دلوں میں نہ سب کے محبت رہی

کہاں آ گئے ہم بتا رہنما

دھوئیں میں ہے آٹھوں پہر زندگی

خوشی سب کو حاصل ہوئی ہے کہاں

یہ مہنگائی اور چھن گئی نوکری

سیاست میں رہبر ملا کر دھرم

بنائی ہے حالت وطن کی بری

دعائیں کرو اب خدا سے ثمرؔ

ستم گر کی جائے حکومت چلی

مزید غزلیں از سمیع احمد ثمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں