ثمر کوسوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت میں دونوں جہاں چھوڑ آئے (غزل)
محبت میں دونوں جہاں چھوڑ آئے
زمیں تو زمیں آسماں چھوڑ آئے
اندھیروں میں اک کہکشاں چھوڑ آئے
جہاں بھی گئے داستاں چھوڑ آئے
زمیں کو بھی زیر قدم ہم نے رکھا
فلک پہ بھی اپنے نشاں چھوڑ آئے
وہ جس در پہ دل ہار بیٹھے تھے اک دن
اسی در پہ ہم اپنی جاں چھوڑ آئے
اسی نے ہماری زمیں چھین لی ہے
کہ جس کے لیے آسماں چھوڑ آئے
جہاں پر تمنائیں دم توڑتی ہیں
وہاں رنج و غم امتحاں چھوڑ آئے
ثمرؔ گفتگو میں اثر ہی نہیں ہے
کہاں اپنا طرز بیاں چھوڑ آئے
اپنے احساسات کو کچھ اور بھی کامل کیا (غزل)
اپنے احساسات کو کچھ اور بھی کامل کیا
جب شب تاریک میں روشن چراغ دل کیا
اضطراب زندگی میں کچھ سکوں حاصل کیا
محفل آسودگی میں غم کو بھی شامل کیا
اک جنوں سا چھا گیا موجیں بھی تھم کر رہ گئیں
پیار کا اظہار اس نے جب لب ساحل کیا
عمر بھر دیتا رہا منصف بھروسہ عدل کا
ایک لمحہ نے مگر ثابت مجھے قاتل کیا
بھک مری بے روزگاری ملک میں پہلے ہی تھی
اس پہ اس مہنگائی نے جینا بہت مشکل کیا
گنبد خضرا ان آنکھوں میں بسا لیتا ثمرؔ
مفلسی نے ایسے منظر دیکھنا مشکل کیا