ثمینہ اسلم ثمینہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رحمت بن کے اتری تھی کیوں زحمت بن گئی بیٹی (غزل)
رحمت بن کے اتری تھی کیوں زحمت بن گئی بیٹی
میرا جرم گنہ بتلا دو پوچھتی رہ گئی بیٹی
بڑھتی ہوئی تکرار جہیز کی اور غربت کا بوجھ
اپنے آپ کو آگ لگا کے پھر اک مر گئی بیٹی
باغی نا فرمان بنی اور کبھی کلنک کا ٹیکہ
حق کی خاطر جب بھی کسی اصول پہ اڑ گئی بیٹی
یہ لڑکی کمزور سی لڑکی مریم بھی ہے زہرہ بھی
رابعہ بصری بنی تو پھر ولیوں سے بڑھ گئی بیٹی
تم نے سیکھا ہے اگر صرف حکومت کرنا (غزل)
تم نے سیکھا ہے اگر صرف حکومت کرنا
یاد رکھنا ہمیں آتا ہے بغاوت کرنا
دونوں میدانوں میں اپنا نہیں ثانی کوئی
ہم سے تم سوچ کے نفرت یا محبت کرنا
خود سکھائے تھے جسے ہم نے یہ الفت آداب
اب یہ لازم ہے کھلے اس پہ عداوت کرنا
خود بخود لوگ بٹھائیں گے تمہیں پلکوں پر
پہلے خود سیکھ تو لو اوروں کی عزت کرنا
گر نہیں رنج مجھے اس سے بچھڑنے کا تو پھر
آج تک کیوں نہیں بھولا اسے رخصت کرنا
بچپن کے دکھ کتنے اچھے ہوتے تھے (نظم)
بچپن کے دکھ کتنے اچھے ہوتے تھے
تب تو صرف کھلونے ٹوٹا کرتے تھے
وہ خوشیاں بھی جانے کیسی خوشیاں تھیں
تتلی کے پر نوچ کے ناچا کرتے تھے
پاؤں مار کے خود بارش کے پانی میں
اپنی ناؤ آپ ڈبویا کرتے تھے
چھوٹے تھے تو مکر و فریب بھی چھوٹے تھے
دانہ ڈال کے چڑیا پکڑا کرتے تھے
اپنے جل جانے کا بھی احساس نہ تھا
بھڑکے ہوئے شعلوں کو چھیڑا کرتے تھے
آج بھی ان کی یادیں نیند اڑاتی ہیں
بچپن میں جو ہم نے سپنے دیکھے تھے
اب تو ایک آنسو رسوا کر جاتا ہے
بچپن میں جی بھر کے رویا کرتے تھے