ثمر غازی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ کی یاد آتی رہی رات بھر (غزل)
آپ کی یاد آتی رہی رات بھر
چشم تر جگمگاتی رہی رات بھر
نیند آنے کو آتی یقیناً مگر
ایک حسرت جگاتی رہی رات بھر
مثل ناگن تری یاد ڈستی رہی
ظلم تنہائی ڈھاتی رہی رات بھر
مضطرب جیسے ماہی ہو بن آب کے
زندگی تلملاتی رہی رات بھر
بے بسی دیکھ کر بے کلی دیکھ کر
چاندنی منہ چڑھاتی رہی رات بھر
دل کے جذبات کو سینے میں چھپانا مشکل (غزل)
دل کے جذبات کو سینے میں چھپانا مشکل
اپنا گھر اپنے ہی ہاتھوں ہے جلانا مشکل
کیفیت دل کی تو چہرے سے عیاں ہوتی ہے
عشق اور مشک کو جیسے ہو چھپانا مشکل
مشکلیں آج بھی کچھ کم نہیں انساں کے لئے
آنے والا ہے مگر اور زمانا مشکل
جس کو اللہ نے بخشی ہے عنایت اپنی
اس کو دنیا کی نگاہوں میں گرانا مشکل
ایک جا قاتل و منصف کو ہے دیکھا ملتے
اب تو انصاف عدالت سے ہے پانا مشکل
پیٹ کی آگ تو بجھ سکتی ہے کھانے سے ثمرؔ
عشق کی آگ کو پھر بھی ہے بجھانا مشکل
مزید غزلیں از ثمر غازی پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں