پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثمر بدایونی کی غزلیں — Samar Badauni Ghazals

ثمر بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق نے کیسا کرشمہ کر دیا (غزل)

عشق نے کیسا کرشمہ کر دیا

ہم کو مجنوں ان کو لیلی کر دیا

بات ان کو چاہنے کی تھی فقط

دنیا والوں نے تماشا کر دیا

سربلندی عشق کی مقصود تھی

ہم نے اپنی جاں کا سودا کر دیا

مفلسی جب آ گئی ایمان تک

ہم نے اپنے سر کا سودا کر دیا

جھوٹ کی بھی اپنی اک اوقات تھی

جھوٹ کو بھی اس نے رسوا کر دیا

زندگی سے معرکہ آرائی تھی

موت نے سب کھیل الٹا کر دیا

نور والوں کی ارے کیا بات ہے

گوشے گوشے میں اجالا کر دیا

سرفروشی کی تمنا نے ثمرؔ

سر ہمارا اور اونچا کر دیا

تیری صورت کمال کرتی ہے (غزل)

تیری صورت کمال کرتی ہے

محو حسن و جمال کرتی ہے

آپ کی ایک ایک بات مجھے

آپ کا ہم خیال کرتی ہے

ہوش والے بھی ہوش کھو بیٹھیں

بے خودی وہ کمال کرتی ہے

یار اس زندگی کو کیا کہیے

کیسے کیسے سوال کرتی ہے

یہ جو دنیا ہے یہ محبت کو

اک تماشا خیال کرتی ہے

کاش تو ہوتا ان لکیروں میں

یہ ہتھیلی ملال کرتی ہے

کیا ہوئیں قربتیں جو تھیں تم سے

مجھ سے دنیا سوال کرتی ہے

یہ جو دنیا ہے کتنی مشکل سے

اعتراف کمال کرتی ہے

میں جو شعروں کی داد پاتا ہوں

یہ سب اردو کمال کرتی ہے

کوئی حیلہ ثمرؔ نہیں چلتا

زندگی جب سوال کرتی ہے

مزید غزلیں از ثمر بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں