پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثمر کبیر کی غزلیں — Samar Kabir Ghazals

ثمر کبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج روتے ہیں زار زار بہت (غزل)

آج روتے ہیں زار زار بہت

تھا جنہیں قہقہوں سے پیار بہت

وقت پہ کون کام آتا ہے

ہیں تو کہنے کو میرے یار بہت

بجھنے والا ہے زندگی کا چراغ

کر لیا تیرا انتظار بہت

موت نے جن کو ہم سے چھین لیا

یاد آتے ہیں اب وہ یار بہت

اب انہیں موت کی تمنا ہے

تھا جنہیں زندگی سے پیار بہت

اے ثمرؔ عرض مدعا کرنا

ان کو گزرا ہے ناگوار بہت

مری ہنسی میں مرے آنسوؤں میں رہتا ہے (غزل)

مری ہنسی میں مرے آنسوؤں میں رہتا ہے

وہ روح بن کے مری دھڑکنوں میں رہتا ہے

میں بچپنے میں جسے دیکھ کر ہمکتا تھا

وہ چاند آج مرے بازوؤں میں رہتا ہے

خلاف شرع نہ ہو جائے کوئی کام کہیں

ہمیشہ خوف ہمارے دلوں میں رہتا ہے

یہ جانتے ہی نہیں تیری عظمتیں مولیٰ

یہ سوچتے ہیں خدا مسجدوں میں رہتا ہے

تمہیں بھی لگ گئی شہرت کی چاشنی شاید

تمہارا نام بہت سرخیوں میں رہتا ہے

ثمرؔ کو پوچھ رہے ہو تمہیں نہیں معلوم

وہ شہر چھوڑ کے اب جنگلوں میں رہتا ہے

مزید غزلیں از ثمر کبیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں