صمد رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خراشیں اور شکن آلود چہرہ بول سکتا ہے (غزل)
خراشیں اور شکن آلود چہرہ بول سکتا ہے
سمجھنے والا کوئی ہو تو گونگا بول سکتا ہے
ہم اپنے سے بہت چھوٹے کو بھی چھوٹا نہیں کہتے
زباں اس کی ہے وہ دریا کو قطرہ بول سکتا ہے
عطائے رب الگ شے ہے یہ بندوں کا دیا ہے کیا
سکھاؤ جتنا طوطے کو بس اتنا بول سکتا ہے
شرافت خون میں ہوتی ہے لہجے میں نہیں ہوتی
برا انساں کسی کو کیسے اچھا بول سکتا ہے
یہاں چلتے ہیں سارے کام نظروں کے اشارے پر
یہ بزم ناز ہے اس میں کوئی کیا بول سکتا ہے
رضاؔ جس کو ابھی رکھتے ہو تم جاں سے عزیز اپنا
عداوت میں ذرا دیکھو وہ کیا کیا بول سکتا ہے
حرف حق میری زباں سے جو نکل پڑتا ہے (غزل)
حرف حق میری زباں سے جو نکل پڑتا ہے
سامنے والے کی پیشانی پہ بل پڑتا ہے
ان دنوں دل کا عجب حال ہوا ہے ہمدم
بات بے بات پہ کم بخت اچھل پڑتا ہے
وعدۂ وصل ہے پرسوں کا مگر یاد رہے
درمیاں اپنی ملاقات کے کل پڑتا ہے
چاند پر جاؤ کہ مریخ پہ پہنچو لیکن
اس سے آگے کی نہ سوچو کہ زحل پڑتا ہے
بد دعا لاکھ کرو تم مرے حق میں لوگو
میرے کاموں میں کہاں اس سے خلل پڑتا ہے
تم سے تنہائی میں ملنے کی تمنا ہے مگر
میرے ہم راہ مرا سایہ بھی چل پڑتا ہے
تم بڑے ہو تو رضاؔ ظرف سمندر سا رکھو
کیوں کہ تالاب تو بارش میں ابل پڑتا ہے