صمد انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روشنی تک روشنی کا راستہ کہہ لیجئے (غزل)
روشنی تک روشنی کا راستہ کہہ لیجئے
رات کو شام و سحر کا فاصلہ کہہ لیجئے
دے گئی کتنی بہاریں ایک فصل آرزو
رنگ و بو کو موسموں کا خوں بہا کہہ لیجئے
گونجتی ہے عمر ویراں میں تمنا کی تھکن
حرف غم کو گنبد جاں کی صدا کہہ لیجئے
کند آخر کر گئیں تلوار کو خونریزیاں
دوستی کو دشمنی کی انتہا کہہ لیجئے
بال و پر کھلتے نہیں جن کے نشیمن کی طرف
ان اڑانوں کو ہواؤں کی غذا کہہ لیجئے
موسم گل دیکھیے کھلتے دریچوں کے تلے
بام و در کو شہر کی آب و ہوا کہہ لیجئے
کچھ نہیں ملتا صمدؔ پتھر کو تیشے کے سوا
آذری کو آذری نام خدا کہہ لیجئے
چشم حیراں کو یوں ہی محو نظر چھوڑ گئے (غزل)
چشم حیراں کو یوں ہی محو نظر چھوڑ گئے
دل میں لہرائے خیالوں میں شرر چھوڑ گئے
جن کے سائے میں کبھی بیٹھ کے سستایا تھا
وہ گھنے پیڑ مری راہگزر چھوڑ گئے
منتظر ان کے لیے ہے کسی گرداب کی آنکھ
خود سفینوں کو جو ہنگام خطر چھوڑ گئے
قافلے نور کے اترے نہ کسی منزل پر
شب کے نم دیدہ کناروں پہ سحر چھوڑ گئے
خیرگی ہے کہ اترتی ہی نہیں آنکھوں سے
کن اندھیروں میں ہمیں شمس و قمر چھوڑ گئے
لے گئے لوگ جبینوں میں عبادت کا غرور
کتنے سجدوں کو مگر خاک بسر چھوڑ گئے
آئے آنکھوں میں نہ دم بھر کو سلگتے آنسو
پردۂ چشم پہ اک نقش مگر چھوڑ گئے
رات کے عکس جو شبنم میں اترنے آئے
کتنے پھولوں میں صمدؔ داغ جگر چھوڑ گئے