پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلمان ظفر کی غزلیں — Salman Zafar Ghazals

سلمان ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دنیا کا ذرہ ذرہ میاں عشق عشق ہے (غزل)

دنیا کا ذرہ ذرہ میاں عشق عشق ہے

ادنیٰ ہو یا ہو آلا یہاں عشق عشق ہے

جس روز ہم نے خواب میں دیکھا تھا آپ کو

اس روز سے ہمارا مکاں عشق عشق ہے

دنیا اسی لیے تو سمجھ ہی نہیں سکی

یارو ہمارے دل کی زباں عشق عشق ہے

آنسو جو تیری یاد میں ٹپکا تھا ایک شب

رخسار پر جو ہے یہ نشاں عشق عشق ہے

سلمانؔ کیسے لکھے گا اس کے جمال کو

انکار سے بھی جس کے عیاں عشق عشق ہے

وقار عشق بڑھانے پہ طنز کرتے ہیں (غزل)

وقار عشق بڑھانے پہ طنز کرتے ہیں

کسی کے ناز اٹھانے پہ طنز کرتے ہیں

میں جان بوجھ کے جب ان کو چھوڑ دیتا ہوں

شکار میرے نشانے پہ طنز کرتے ہیں

عجیب بات ہے یارو ہر اک زمانہ میں

زمانہ والے زمانہ پہ طنز کرتے ہیں

تجھے خبر ہی نہیں ہے اے مسخرے کچھ لوگ

ترے مذاق اڑانے پہ طنز کرتے ہیں

سرور عشق کا ان کو مزہ نہیں معلوم

جو لوگ نیند نہ آنے پہ طنز کرتے ہیں

وہ جانتے ہیں کہ محفل کی آبرو میں ہوں

جو میرے بزم میں آنے پہ طنز کرتے ہیں

نہیں ہے شعر و ادب سے جنہیں لگاؤ ظفرؔ

وہ لوگ میرے گھرانے پہ طنز کرتے ہیں

مزید غزلیں از سلمان ظفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں