سلمان یوسف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی منظر ہے پر اسرار چلو دیکھتے ہیں (غزل)
کوئی منظر ہے پر اسرار چلو دیکھتے ہیں
کیا ہے کہسار کے اس پار چلو دیکھتے ہیں
یہ نہ سوچا تھا مگر ہجر ہے درپیش سو اب
جینا آساں ہے کہ دشوار چلو دیکھتے ہیں
میں جو صحرا میں اکیلا ہوں تو شاید کوئی
مل ہی جائے ترا بیمار چلو دیکھتے ہیں
حاصل عشق اذیت کے سوا کچھ بھی نہیں
کر کے پر جرأت اظہار چلو دیکھتے ہیں
حشر میں کیسے چھپاؤ گے حقیقت اپنی
کون ہے کتنا گنہ گار چلو دیکھتے ہیں
آ گیا ہم کو نظر کل ایک چہرہ بام پر (غزل)
آ گیا ہم کو نظر کل ایک چہرہ بام پر
یوں لگا مرکوز ہے گو ساری دنیا بام پر
اس کی آہٹ کی خبر سے دوڑ کر آنے لگے
چاند تارے رات جگنو اور دریا بام پر
تم ابھی آداب الفت سے میاں واقف نہیں
تم نے سیکھا ہی نہیں آداب کرنا بام پر
اول اول تو فلک بھی اپنی دھن میں محو تھا
اور پھر اک شب کو اس نے پاؤں رکھا بام پر
عشق کی ضد نے جلائے کوہساروں کے بدن
حضرت موسیٰ نے چاہا ایک جلوہ بام پر
شام کا وقت تھا (نظم)
شام کا وقت تھا
تو نے جب میرے ہاتھوں سے اپنی ہتھیلی
یہ کہہ کر چھڑا لی کہ چھوڑو کوئی دیکھ لے گا
مجھ کو ہرگز خبر ہی نہیں تھی
کہ کوئی کا مطلب خدا تھا
جو ہمیں روز ملتے ہوئے دیکھتا تھا
اور اب تو نہیں
میں ہی میں ہوں یہاں
آج سولہ مہینے گزر نے کو آئے
تجھ کو دیکھا نہیں
تجھ کو کیا ہی پتہ میرے نقصان کا
خیر اچھا ہوا
لیکن اتنی تمنا میں سینہ میں لے کر پھرا ہوں
کہ اک روز میں اس ہمالے کی چوٹی پے چڑھ کر
خدا سے کہوں گا
مرا جرم کیا تھا