پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلمان صدیقی کی غزلیں — Salman Siddiqui Ghazals

سلمان صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں بھلا تم پر سجا کب آئنے میں دیکھنا (غزل)

یوں بھلا تم پر سجا کب آئنے میں دیکھنا

رات آنکھوں میں کٹے تب آئنے میں دیکھنا

کیسے کیسے منظروں کے عکس ہیں ان میں نہاں

اپنی آنکھیں سوچنا جب آئنے میں دیکھنا

کیسے کیسے رنگ ہیں تنہائی کی تصویر میں

جب کبھی فرصت ملے تب آئنے میں دیکھنا

تم کبھی پتھر کی مورت تھے مگر اب پھول ہو

اپنی تبدیلی کا مطلب آئنے میں دیکھنا

سامنے کے منظروں سے ہٹ چکا گرد و غبار

کس کا کیسا عکس ہے اب آئنے میں دیکھنا

خود پرستی کی تہوں میں ایک بے چہرہ وجود

کھل گیا سلمانؔ کل شب آئنے میں دیکھنا

وہ اک بے جان بادل ہے (نظم)

وہ اک بے جان بادل ہے

اسے اڑنا تو آتا ہے

برس کر اپنی صورت ہو بہ ہو رکھنا نہیں آتا

سو جب اس خوبصورت کے

بدن کے لمس کی خاطر

برستا ہے

بھگوتا ہے اسے تسکین سے لبریز کرتا ہے

تو اپنی ہی شباہت کا گماں رکھے

یقین عجز کر کے

اس کے فانی جسم سے رس کر

زمیں کا رزق بنتا ہے

تو لگتا ہے

کسی ان ہونی ساعت نے

زمیں کی تال پر گر کے

بقا کا گیت چھیڑا ہو

مزید غزلیں از سلمان صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں