پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلمان ثروت کی غزلیں — Salman Sarwat Ghazals

سلمان ثروت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہزار رنگ یہ وحشت قدم قدم پہ کھلی (غزل)

ہزار رنگ یہ وحشت قدم قدم پہ کھلی

کہ زندگی کی حقیقت قدم قدم پہ کھلی

مرے وجود کا عقدہ کبھی بھی کھل نہ سکا

مرے خیال کی وسعت قدم قدم پہ کھلی

صراط جاں پہ ہمیشہ سفر طلب ہی رہے

مسافتوں سے عقیدت قدم قدم پہ کھلی

وفا کی راہ میں چپ چاپ چلتے رہنے سے

گریز کوش محبت قدم قدم پہ کھلی

دیار عشق میں ہم پر کرم کچھ ایسے ہوا

وصال غم کی سہولت قدم قدم پہ کھلی

وہ ایک لفظ کہ جس پر بدل گیا لہجہ

اس ایک لفظ کی شدت قدم قدم پہ کھلی

تمام عمر سرابوں کی جستجو میں کٹی

کبھی نہ تھی جو ضرورت قدم قدم پہ کھلی

آنکھ ہے اک کٹورا پانی کا (غزل)

آنکھ ہے اک کٹورا پانی کا

اور یہ حاصل ہے زندگانی کا

رائیگاں کر گیا مجھے آخر

خوف ایسا تھا رائیگانی کا

چل نکلتا ہے سلسلہ اکثر

خوش گمانی سے بد گمانی کا

درد بوتا ہوں زخم کھلتے ہیں

ہے بہت شوق باغ بانی کا

کیا ٹھکانہ غم و خوشی کا ہو

دل علاقہ ہے لا مکانی کا

جا کے دریا میں پھینک آیا ہوں

یہ کیا ہے تری نشانی کا

جس کا انجام ہی نہیں کوئی

میں ہوں کردار اس کہانی کا

مدعا نظم ہو نہیں پایا

شعر دھوکہ ہے ترجمانی کا

نارسیسس کے پہلو میں بیٹھے ہوئے (نظم)

نارسیسس کے پہلو میں بیٹھے ہوئے

عکس اپنا ہی تالاب میں دیکھ کر

کتنی صدیوں سے اپنی ہی الفت میں گم

خود پسندی کے مارے ہوئے لوگ تھے

خود نمائی کے زیر اثر آ گئے

آئینے کا فسوں اس قدر بڑھ گیا

خود کو تصویر کرنے کی خواہش اٹھی

اپنے ہاتھوں میں اپنی ہی آنکھیں لیے

مختلف زاویوں سے نظر خود پہ کی

بے یقیں ہو گئے

خود فریبی میں مدہوش ہوتے ہوئے

اضطراب نظریوں مرض بن گیا

اک وبا کی طرح پھیلتا ہی گیا

نفسیاتی گرہ جب الجھنے لگی

اپنی تشہیر کا سر میں سودا لیے

آپ اپنا تماشہ لگایا گیا

اور دکھاوے کے بے سود قرطاس پر

نقش در نقش خود کو مٹایا گیا

روپ بہروپ صورت میں لایا گیا

خال و خد گم ہوئے

شخصیت کے سبھی رنگ اڑتے گئے

اور بے چہرگی عکس ہونے لگی

مزید غزلیں از سلمان ثروت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں