سلمان سعید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اتنی جلدی تو ترے فن میں نہیں آ سکتے (غزل)
اتنی جلدی تو ترے فن میں نہیں آ سکتے
ہجر کے کھیل لڑکپن میں نہیں آ سکتے
کوئی دامن ہو سلامت تو چلو رو بھی لوں
میرے آنسو کسی کترن میں نہیں آ سکتے
ہم سے پاگل کو سمجھ پانا ترے بس کا نہیں
ہم وہ دریا ہیں جو برتن میں نہیں آ سکتے
ہم ہیں زنجیروں کی کھن کھن کے بگاڑے ہوئے لوگ
تیری پازیب کی چھن چھن میں نہیں آ سکتے
یہ مرے غم تو کسی اور پہ جچنے سے رہے
یہ وہ کپڑے ہیں جو فیشن میں نہیں آ سکتے
عشق مذہب کو مانتا ہی نہیں (غزل)
عشق مذہب کو مانتا ہی نہیں
عشق کا کوئی دیوتا ہی نہیں
شرط دنیا سے لگ گئی ورنہ
میں ترا نام پوچھتا ہی نہیں
اس کو کچھ یاد آ گیا ہوگا
ورنہ وہ فون کاٹتا ہی نہیں
مطمئن ہوں میں سوچ کر تجھ کو
تجھ سے آگے میں سوچتا ہی نہیں
رات دن کو بنا لیا میں نے
میں کبھی رات کاٹتا ہی نہیں
یہ نیا جسم تو ضرورت ہے
میں نیا عشق چاہتا ہی نہیں
وہ پرندہ قفس میں اچھا ہے
پر کبھی اپنے کھولتا ہی نہیں
جنوری کی سردی میں (نظم)
جنوری کی سردی میں
یار شب نوردی میں
میرے گھر چلے آئے
میں نے بھی کمینوں کی
مختلف نمونوں کی
ایسی میزبانی کی
کرسی ورسی لگوائی
چائے شائع منگوائی
آگ تھوڑی دہکائی
آگ کے دہکنے سے
گفتگو بھی گرمائی
گفتگو بھی چائے کی
گفتگو الاؤ کی
اور پھر الاؤ سے
اک بدن کی یاد آئی
میں نے ذکر چھیڑا پھر
حشر کا قیامت کا
اس بدن کی قامت کا
اس بدن کی رنگت کا
یارو کیسے بتلاؤں
اس بدن کے زیر و بم
جسم پہ اگا ریشم
ناف میں رکی شبنم
یار وہ بدن جس دم
بازووں میں آتا تھا
کیا ستم نہ ڈھاتا تھا
آگ ہی لگاتا تھا
ہائے وہ رہا جب تک
ہم نے ہجر والوں کی
راگنی نہیں گائی
سردیاں نہیں آئیں
سردیوں سے یاد آیا
لکڑیوں کے شعلے سب
ماند پڑ گئے لیکن
یار میرے جل اٹھے
سب کے سب مچل اٹھے