سلمان خیال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک عجب سی دھند میں اب سر بسر لپٹا ہوں میں (غزل)
اک عجب سی دھند میں اب سر بسر لپٹا ہوں میں
کھو گیا ہوں یوں کہ خود کو بھی کہاں دکھتا ہوں میں
ڈھونڈھتا ہوں اک شناسا مجمع اغیار میں
اجنبی چہرے بھی پہروں دیکھتا رہتا ہوں میں
شہر کی شب پر بپا ہیں جگمگاتی لائٹیں
ہائے راتوں کو اندھیرا ڈھونڈھتا پھرتا ہوں میں
یہ مرا کار جنوں ہے یا مجاز جستجو
رات بھر سڑکوں پہ یوں ہی گھومتا پھرتا ہوں میں
چشم ظاہر کا مجھے پہچاننا ممکن کہاں
دل کی آنکھوں سے مجھے دیکھو تو جانو کیا ہوں میں
روشنی چاروں طرف ہے اور میں سایہ رقص کن
گھٹ گیا جو اس طرف تو اس طرف بڑھتا ہوں میں
فاصلہ کچھ بڑھ گیا میرا مری پرچھائی سے
یہ جو تیری روشنی سے دور سا رہتا ہوں میں
سب رقم ہی کر دیا تو دل میں باقی کیا رہے
کچھ خیال اپنے ہی اندر باندھ کر رکھتا ہوں میں
یہی نہیں کہ ہمیں ہیں یہاں بکھرتے ہوئے (غزل)
یہی نہیں کہ ہمیں ہیں یہاں بکھرتے ہوئے
ادھر تو دیکھ رہا ہوں سبھی کو ڈرتے ہوئے
یہ دل فریب چراغاں یہ قہقہوں کے ہجوم
میں ڈر رہا ہوں اب اس شہر سے گزرتے ہوئے
تمام رات ہم افسردگان محفل خواب
گزارتے ہیں ستاروں سے بات کرتے ہوئے
شفق کا رنگ بھی آنکھوں میں ابھی باقی ہے
دکھائی دے رہی ہے رات بھی ابھرتے ہوئے
یہ آسمان ہے بہتر کہ آشیاں میرا
پرند سوچ رہا ہے اڑان بھرتے ہوئے
یہ کاروان بدن ہے سفر گزار خیالؔ
جرس کی گونج پہ کچھ دیر کو ٹھہرتے ہوئے