سلمان کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں کیوں کہوں کہ کسی چہرگی سے عشق کرو (غزل)
میں کیوں کہوں کہ کسی چہرگی سے عشق کرو
جو بات کا ہو دھنی بس اسی سے عشق کرو
جہالتوں کے اندھیرے سے توڑ دو رشتہ
علوم و فن کی فقط روشنی سے عشق کرو
کسی غریب کی غربت پہ مت ہنسو لیکن
رلا دے ظلم کو جو اس ہنسی سے عشق کرو
نہاں ہو جس میں اے لوگو حبیب کی سیرت
تو تم پہ فرض ہے اس دوستی سے عشق کرو
جو عشق عبد سے معبود تک تمہیں لے جائے
قسم زلیخا کی اس عاشقی سے عشق کرو
وہ جس سے آتی ہو سلمانؔ بوئے حق ہر دم
تمہیں بھی چاہئے بس اس کلی سے عشق کرو
مجھ کو کیا یاد ہے کیا بھول گیا یاد نہیں (غزل)
مجھ کو کیا یاد ہے کیا بھول گیا یاد نہیں
میں مرض بھول گیا اور دوا یاد نہیں
عشق کے طوق و سلاسل میں ہوں جکڑا لیکن
میں نے کس جرم کی پائی ہے سزا یاد نہیں
خار بچھوائے جن احباب نے راہوں میں مری
میں نے ان سے بھی کبھی کی ہو دغا یاد نہیں
میری خاموشی نے محبوب سے حاجت مانگی
میں وہ سائل ہوں جسے کوئی صدا یاد نہیں
اپنے محسن کو بھلانے کا نتیجہ یہ ہے
میں وہ سائل ہوں جسے کوئی عطا یاد نہیں
جن کو خود میں نے سکھایا تھا وفا کا مطلب
اب انہیں لوگوں کو تہذیب وفا یاد نہیں
شہر حق سوز میں حق بات کہی تھی میں نے
کب ہوا کون ہوا مجھ سے خفا یاد نہیں
مرجع عشق فقط ذات خدا ہے سلمانؔ
وادیٔ عشق میں کیوں تم کو خدا یاد نہیں