پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم قادر کی غزلیں — Saleem Qadir Ghazals

سلیم قادر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انہیں زمینی خداؤں کے زیر دست ہوں میں (غزل)

انہیں زمینی خداؤں کے زیر دست ہوں میں

میں جانتا ہی نہیں تھا کہ کتنا پست ہوں میں

پئے شراب بھلا شیخ سے الجھنا کیا

خدا پرست ہے وہ اور بتاں پرست ہوں میں

کسی کی مست نگاہوں سے مست رہتا ہوں

زمانہ مجھ کو سمجھتا ہے بادہ مست ہوں میں

جہان بھر کے غموں کا ٹھکانہ رکھتا ہوں

کشادہ دل ہے مرا گرچہ تنگ دست ہوں میں

میں اپنے ہاتھوں میں سر اپنا لے کے پھرتا ہوں

کہ سرکشوں کے قبیلے کا سر پرست ہوں میں

کہ مجھ کو یوں تو کوئی بھی ہرا نہیں سکتا

پر اہل دل کے لیے قابل شکست ہوں میں

عدو کی یار کی ایسی کی تیسی (غزل)

عدو کی یار کی ایسی کی تیسی

گلوں کی خار کی ایسی کی تیسی

پلا دے ساقیا مے آج پھر سے

اس استغفار کی ایسی کی تیسی

مرا دل اس طرف مائل نہیں ہے

لب و رخسار کی ایسی کی تیسی

گلو پتھر بنے گا عشق حق میں

چھری کی دھار کی ایسی کی تیسی

قفس میں رہنے کا خوگر ہوا ہوں

گل و گلزار کی ایسی کی تیسی

سلیمؔ اب شعر یوں ہی بک رہا ہے

فن و معیار کی ایسی کی تیسی

مزید غزلیں از سلیم قادر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں