پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم محی الدین کی غزلیں — Saleem Muhiuddin Ghazals

سلیم محی الدین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ادھر ادھر سے کتاب دیکھوں (غزل)

ادھر ادھر سے کتاب دیکھوں

خیال سوچوں کہ خواب دیکھوں

تمہاری نظروں سے دیکھوں دنیا

تمہاری آنکھوں سے خواب دیکھوں

ہوا ہے تصویر اک تصور

گلاب سوچوں گلاب دیکھوں

بدن ہے میرا ہزار آنکھیں

کبھی اسے بے نقاب دیکھوں

بچھائے رکھوں خمیر صحرا

سمندروں میں سراب دیکھوں

حسین لمحے گزار آؤں

اداس راتوں کے خواب دیکھوں

عکس حیران ہے آئنہ کون ہے (غزل)

عکس حیران ہے آئنہ کون ہے

وہ ہے خوشبو تو پھر پھول سا کون ہے

دل سے نکلے ہو پلکوں پہ دم لو ذرا

ہو مسافر تمہیں روکتا کون ہے

اک سمندر نے خود کو جزیرہ کیا

کیا ہوا کیوں ہوا پوچھتا کون ہے

غیر آباد ہے وہ گلی وہ مکاں

اس دریچے سے پھر جھانکتا کون ہے

زندگی حادثے کے سوا کچھ نہیں

حادثے پر مگر سوچتا کون ہے

زندگی میں اگر ہیں اندھیرے سلیمؔ

تیری غزلوں میں پھر چاند سا کون ہے

مزید غزلیں از سلیم محی الدین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں