پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم فگار کی غزلیں — Saleem Figar Ghazals

سلیم فگار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چمکتی اوس کی صورت گلوں کی آرزو ہونا (غزل)

چمکتی اوس کی صورت گلوں کی آرزو ہونا

کسی کی سوچ میں رہنا کسی کی جستجو ہونا

وہ پتھر ہے پگھلنے میں ذرا سا وقت تو لے گا

ابھی ممکن نہیں ہے اس سے کوئی گفتگو ہونا

اسے میں دیکھتا جاؤں کہاں یہ بات آنکھوں میں

نہیں آسان سورج کے مسلسل روبرو ہونا

اسے آتا ہے لمحوں میں بھی اپنے عکس کو بھرنا

نہ ہونا پاس لیکن پھر بھی میرے چار سو ہونا

تمہاری یاد کی بارش برستی ہے مرے دل پر

مری آنکھوں کو آتا ہی نہیں ہے بے وضو ہونا

لہو میں بو گیا ہے قطرہ قطرہ سینکڑوں کانٹے

ہری رت میں بھی میرے صحن گل کا بے نمو ہونا

سہمے نحیف دریا کے دھارے کی بات کر (غزل)

سہمے نحیف دریا کے دھارے کی بات کر

اب دشت بے کراں کے کنارے کی بات کر

دنیا کے مسئلوں میں مجھے بھی شریک رکھ

میرے دریدہ دل کے بھی چارے کی بات کر

رہنے دے ذکر سود کسی اور وقت پر

راہ وفا میں میرے خسارے کی بات کر

معیار کے نہ مجھ کو کم و بیش میں پرکھ

تجھ کو اگر قبول ہوں سارے کی بات کر

ہم بوریا نشین ترے شاہ بھی تو ہیں

یا لوٹ جا یا ساتھ گزارے کی بات کر

اب آسمان سارا مری دسترس میں ہے

انگلی اٹھا کسی بھی ستارے کی بات کر

سچائیاں اپنے وقت میں (نظم)

سچائیاں اپنے وقت میں

کبھی جی نہیں پاتیں

سو آنکھوں نے ہمیشہ

لمحوں سے دھوکے کھائے

تمہیں کیسے رخصت کروں

کہ یہ بات امام ضامن اور دعا سے

بہت آگے بہت آگے ہے

ہتھیلیوں کے گرداب پھسلتے پھسلتے

بینائی کی دہلیز پہ آ بیٹھے ہیں

انگلیاں کانوں کو کہاں تک دستک سے دور رکھیں گی

دعاؤں کی چھتری میں اکثر

سوراخ رہ جاتے ہیں

میں تمہیں کون سی چادر تحفہ دوں

کہ آج کل جولاں ہے

عزت سے زیادہ کاغذ کمانے کے چکر میں ہیں

میں نے مٹھی کھول کر دیکھی

تو سب لکیروں سے زیادہ بانجھ نکلیں

میرے پاس سبز نہیں ہیں

کہ زرد پتوں کی وسعت نے خاک سے نیل تک

سرسوں کا موسم کا شت کر رکھا ہے

میرے پاس کچھ بھی نہیں

بس لوٹ آنا

کہ تمہارے آنے تک

میری آنکھیں تیرگی کی سلاخوں میں قید رہیں گی

مزید غزلیں از سلیم فگار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں