پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم حسنی کی غزلیں — Saleem Hasani Ghazals

سلیم حسنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پلٹ کے آنکھ کے پردوں پہ سر جھکاتے ہوں (غزل)

پلٹ کے آنکھ کے پردوں پہ سر جھکاتے ہوں

ہم ایسے خواب نہیں ہیں جو آتے جاتے ہوں

گزرتی رات کے پیروں میں کانچ کے تارے

عجب نہیں جو کسی آنکھ میں سماتے ہوں

بدن کو چیرتی بارش ہو اور ایسے میں

ہم اپنے رنگ لیے خاکداں سجاتے ہوں

زمیں کو غور سے دیکھوں تو خوف آتا ہے

کہ جیسے لوگ یہاں آسماں بناتے ہوں

ماورائے نظر گماں کیا ہے (غزل)

ماورائے نظر گماں کیا ہے

کچھ نہیں ہے جہاں وہاں کیا ہے

کچھ تو گزرا ہے پانیوں جیسا

آب دیدہ سی چشم جاں کیا ہے

عجز گل ہے شکست خوشبو ہے

اور آزار گلستاں کیا ہے

ایک ایسی ہے گندمی دلدل

سوچتا ہوں یہ نقد جاں کیا ہے

یہ خم زلف رائیگانی ہے

کچھ نہ کہیے تو رائیگاں کیا ہے

مجھ پہ سایہ ہے لا مکانی کا

ورنہ میں کیا مرا مکاں کیا ہے

سہیلی (نظم)

سہیلی

میں کل یگ کی پیڑا کا گوتم

تپسیا کے تانے ہوئے جال میں

سب بسارے ہوئے

اپنے نروان میں تھا

ابھیمان میں تھا

ابھیمان کارن ہے سب مورکھتا کا

میں تجھ سندری کو نہیں دیکھ پایا

شما چاہتا ہوں

بدن کی کلا کو نہیں جان پایا

مجھے اس کلا کا کوئی روپ بخشو

یہ آنکھیں بھنویں اور بانہیں اٹھاؤ

اٹھا کر گرا دو

یہ کل یگ مٹا دو

مری خواب بستی کی سب لڑکیاں

جو گپھا میں نراشا کی پتھرا گئی ہیں

سہیلی تم آشا کے گھنگرو پہن لو

انہیں پھر جگا دو

میں آنند کے لوبھ کا ایک ہٹ دھرم بالک

مری ہٹ کے آگے

چندرما کی جوتی کی بنسی بھی چپ ہے

بس اک رین گپ ہے

ذرا ریشمی سی لٹیں تو اڑا دو

چھنا چھن چھنا چھن کی لوری سنا دو

مجھے تم سلا دو مجھے تم سلا دو

سہیلی میں کل یگ کی پیڑا کا گوتم

مزید غزلیں از سلیم حسنی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں