پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم فوز کی غزلیں — Saleem Fauz Ghazals

سلیم فوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جانے اس شخص کو یہ کیسا ہنر آتا ہے (غزل)

جانے اس شخص کو یہ کیسا ہنر آتا ہے

رات ہوتی ہے تو آنکھوں میں اتر آتا ہے

اس کی چاہت کا تو انداز جدا ہے سب سے

وہ تو خوشبو کی طرح روح میں در آتا ہے

بات کرتا ہے تو الفاظ مہک اٹھتے ہیں

جس طرح شاخ محبت پہ ثمر آتا ہے

پھول اس کے لب و رخسار پہ مر مٹتے ہیں

پیار شبنم کو بہ انداز دگر آتا ہے

ایسا تتلی سا وہ نازک ہے کہ چھو لینے سے

رنگ اس کا مرے ہاتھوں پہ اتر آتا ہے

تم تو کانٹوں ہی سے گھبرا کے پلٹ جاتے ہو

عشق تو آگ کے دریا سے گزر آتا ہے

فاصلہ سات سمندر سے زیادہ ہے سلیمؔ

دل تو ملنے کے تصور سے ہی بھر آتا ہے

یہ روز روز کا ملنا ملانا مشکل ہے (غزل)

یہ روز روز کا ملنا ملانا مشکل ہے

وہ کہہ رہا ہے کہ وعدہ نبھانا مشکل ہے

لگاؤ اس سے مرے جسم و جاں کو ایسا رہا

کہ یاد رکھنا ہے آساں بھلانا مشکل ہے

بچھڑتے وقت مرے ہونٹ سی دیے اس نے

سو آسمان کو سر پے اٹھانا مشکل ہے

اب آ گئے ہو ستارے سجا کے پلکوں پر

تمہیں بتا تو دیا تھا زمانہ مشکل ہے

سلیمؔ فوزؔ نہیں عشق احتیاط کا کام

یہ آگ وہ ہے کہ دامن بچانا مشکل ہے

مزید غزلیں از سلیم فوز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں