پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم بیتاب کی غزلیں — Saleem Betab Ghazals

سلیم بیتاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چہرے پہ اس کے اشک کی تحریر بن گئی (غزل)

چہرے پہ اس کے اشک کی تحریر بن گئی

وہ آنکھ میرے درد کی تفسیر بن گئی

میں نے تو یونہی راکھ میں پھیری تھیں انگلیاں

دیکھا جو غور سے تری تصویر بن گئی

ہر سمت ہیں کٹی پڑی پھولوں کی گردنیں

اب کے صبا ہی باغ میں شمشیر بن گئی

اس کی نظر تو کہتی تھی پرواز کے لیے

میری ہی سوچ پاؤں کی زنجیر بن گئی

جس سمت وہ اٹھی ہے ادھر مڑ گئی حیات

اس کی نظر ہی گردش تقدیر بن گئی

خود اپنے عکس کو حیرت سے دیکھتا ہوں میں (غزل)

خود اپنے عکس کو حیرت سے دیکھتا ہوں میں

کنار آب بڑی دیر سے کھڑا ہوں میں

سوانگ بھرتا پھروں کب تلک محبت کے

میں کیوں نہ صاف ہی کہہ دوں کہ بے وفا ہوں میں

سنا نہ قصے مجھے دامنوں کی عصمت کے

کہ تیرے شہر کے لوگوں کو جانتا ہوں میں

وہ کون ہے جو مرے ساتھ ساتھ چلتا ہے

یہ دیکھنے کو کئی بار رک گیا ہوں میں

میں آج دیکھ سکوں گا طلوع کا منظر

کہ رات بیت چلی اور جاگتا ہوں میں

ستم ہے تو بھی مجھے خود غرض سمجھتا ہے

کہ تیرے حق میں تو خود سے بھی لڑ رہا ہوں میں

وہ جی رہے ہیں کہ جو سوچ سے ہوئے عاری

میں مر رہا ہوں کہ بیتابؔ سوچتا ہوں میں

نئی تہذیب کے شہکار عظیم! (نظم)

نئی تہذیب کے شہکار عظیم!

تیری پر کیف و طرب خیز فضاؤں کو سلام!

کتنے نوخیز و حسیں جسم یہاں چاروں طرف

رقص میں محو ہیں عریانی کی تصویر بنے

اپنی رعنائی و زیبائی کی تشہیر بنے

ساز پرجوش کی سنگت میں تھرکتے جوڑے

فرش مرمر پہ پھسلتے ہیں بہک جاتے ہیں

دوڑتی جاتی ہے رگ رگ میں شراب گلفام

ان کی آنکھوں سے چھلکتی ہے ہوس کی مستی

ان کے سینوں میں فروزاں ہیں وہ جنسی شعلے

جن کی اک ایک لپٹ سے ہے بھسم شرم و حیا

قہقہے، ساز کی تانوں میں ڈھلے جاتے ہیں

لمس کی آگ میں سب جسم جلے جاتے ہیں

آنکھ کے ڈوروں میں پوشیدہ ہیں مبہم سے پیام

تیری پر کیف و طرب خیز فضاؤں کو سلام

دھڑکنیں تیز ہوئیں شوق کی لے بڑھنے لگی

جسم پر تنگی ملبوس ذرا اور بڑھی

آنکھ میں نشے کی اک لہر ذرا اور چڑھی

لرزش پا سے جھلکنے لگی دل کی لغزش!

دفعتاً جاز کی پرجوش صدا بند ہوئی

روشنی ڈوب گئی پھیل گئی ظلمت شب۔۔۔۔

جسم سے جسم کی قربت جو بجھانے لگی آگ

دوپہر ڈھل گئی جذبات کی ہونے لگی شام

جل گیا سینۂ سوزاں میں ہی انساں کا ضمیر

روح کی چیخ فضاؤں میں کہیں ڈوب گئی

رخ تہذیب پسینے میں شرابور ہوا

علم ہے سر بہ گریباں و ادب مہر بہ لب

کس سے اس دور جراحت میں ہو مرہم کی طلب

ملک تہذیب میں چنگیز ہے پھر خوں آشام

مزید غزلیں از سلیم بیتاب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں