پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم انصاری کی غزلیں — Saleem Ansari Ghazals

سلیم انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صداقت کا جو پیغمبر رہا ہے (غزل)

صداقت کا جو پیغمبر رہا ہے

وہ اب سچ بولنے سے ڈر رہا ہے

کہانی ہو رہی ہے ختم شاید

کوئی کردار مجھ میں مر رہا ہے

ذرا سی دیر کو آندھی رکی ہے

پرندہ پھر اڑانیں بھر رہا ہے

مرے احباب کھو جائیں گے اک دن

مجھے یہ وہم سا اکثر رہا ہے

لگی ہے روشنی کی شرط شب سے

ستارہ جگنوؤں سے ڈر رہا ہے

میز چہرہ کتاب تنہائی (غزل)

میز چہرہ کتاب تنہائی

بن نہ جائے عذاب تنہائی

کر رہے تھے سوال سناٹے

دے رہی تھی جواب تنہائی

آنکھ سے ٹوٹ کر گرے آنسو

ہو گئی بے نقاب تنہائی

وصل کے ایک ایک لمحہ کا

مانگتی ہے حساب تنہائی

آہٹوں کو بھی قتل کر دے گی

دور تک کامیاب تنہائی

چند بے چہرہ ساعتوں کا سلیمؔ

سہہ رہی ہے عذاب تنہائی

یہ وقت کیا ہے (نظم)

یہ وقت کیا ہے

کہ اپنے معمول سے گریزاں ہر ایک شے ہے

ہر ایک لمحہ

گزشتہ لمحات کی نفی ہے

عجیب وہم و یقین کا امتزاج

سوچوں میں گھل گیا ہے

جو خواب دیکھو تو

زندگی پر یقین آئے

دیے بجھا دو تو

روشنی پر یقین آئے

سراب دریا ہے

اور ریگ رواں سمندر

بدن پہ زخموں کا جال ہے

جگنوؤں سے لکھی ہوئی عبارت

یقین وہم و گمان کی حد

شکستگی امتحان کی حد

مزید غزلیں از سلیم انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں