پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم امروہوی کی غزلیں — Saleem Amrohvi Ghazals

سلیم امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چوٹ پر چوٹ کھا رہا ہوں میں (غزل)

چوٹ پر چوٹ کھا رہا ہوں میں

عادتاً مسکرا رہا ہوں میں

اس کے اوپر تو کچھ اثر ہی نہیں

اپنا دل کیوں جلا رہا ہوں میں

آج تنہائی میں جو بیٹھے ہو

کیا تمہیں یاد آ رہا ہوں میں

کون آئے گا مجھ سے ملنے کو

اپنا گھر کیوں سجا رہا ہوں میں

آج جی بھر کے دیکھ لو مجھ کو

اب بہت دور جا رہا ہوں میں

کیا تمہیں اب بھی کچھ شکایت ہے

اب تو سب کچھ کما رہا ہوں میں

ہاتھ میں ڈگریاں سجائے ہوئے

ٹھوکریں کتنی کھا رہا ہوں میں

اب مجھے پیٹ ان سے بھرنا ہے

یہ جو خنجر بنا رہا ہوں میں

کل کوئی اس کو بھی نہ چھوڑے گا

یہ جو پودا لگا رہا ہوں میں

وہ نشہ کب کسی شراب میں ہے (غزل)

وہ نشہ کب کسی شراب میں ہے

جو خمار آپ کے شباب میں ہے

چاند سے کہہ دو اب نکل آئے

میرا محبوب اب نقاب میں ہے

تجھ کو چھو کر جو مجھ تک آتی ہے

وہ مہک کب کسی گلاب میں ہے

پاس آ کر ترے ہوا محسوس

ایسی ٹھنڈک تو ماہتاب میں ہے

اپنے رخ سے ہٹائیے زلفیں

چاند کس واسطے سحاب میں ہے

مزید غزلیں از سلیم امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں