سلیم اختر مکرانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ کیسی بے کلی تھی عجب اضطراب تھا (غزل)
وہ کیسی بے کلی تھی عجب اضطراب تھا
کانٹا تھا چٹکیوں میں سرے پر گلاب تھا
اے بیکسی وہ دور بھی دیکھا ہے میں نے جب
تھی در پہ شمع چھت پہ مرا مہتاب تھا
تیرے ہی ساتھ دفن ہوئی ہے مری حیات
وہ آج بھی ہے درد جو کل بے حساب تھا
وہ کیا تھا یہ تو جانتا ہے صرف میرا دل
جز آئنہ کوئی بھی نہ اس کا جواب تھا
ہر زاویے سے میں نے پڑھا اس کو با وضو
چہرہ تو اس کا جیسے مقدس کتاب تھا
آج انفصال روح و بدن تھا ترا وصال
کس سے کہوں کہ وہ مرا عہد شباب تھا
اخترؔ تلاش یاد کی محرومیاں نہ پوچھ
خود اپنی انجمن میں وہ زیر نقاب تھا
وہ جو سانسوں میں بسا رہتا ہے خوشبو کی طرح (غزل)
وہ جو سانسوں میں بسا رہتا ہے خوشبو کی طرح
میرے دامن پہ ٹپک جاتا ہے آنسو کی طرح
یہ ستارے مری تنہائی کے ہم راز سہی
تو بھی پلکوں پہ سجا رہتا ہے جگنو کی طرح
وہ جنوں ساز بھی ہے اور جنوں پرور بھی
مجھ کو صحرا میں لیے پھرتا ہے آہو کی طرح
بے نیازی تری عادت مری مجبوری ہے
میرے اندر ہی چھپا ہے تو مری خو کی طرح
میرے مقتل کی فضا راس مجھے آ ہی گئی
میرے اعصاب پہ طاری ہے وہ جادو کی طرح