پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیم اختر ملک کی غزلیں — Saleem Akhtar Malik 1 Ghazals

سلیم اختر ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اچھی لگتی ہے مجھے اس لئے گھر کی صورت (غزل)

اچھی لگتی ہے مجھے اس لئے گھر کی صورت

وہ مرے سامنے رہتے ہیں سحر کی صورت

تو مری آنکھوں میں رہتا ہے گلابوں کی طرح

دیکھتا ہوں میں تجھے اہل نظر کی صورت

میرے احساس کی دنیا میں اجالا ہو جائے

کاش میں دیکھ لوں جا کر ترے در کی صورت

بے دھڑک میں تری محفل میں چلا آتا ہوں

نہ کوئی خوف کی صورت ہے نہ ڈر کی صورت

ان کے آنسو نہ ٹھہر پائیں گے رخساروں پر

دیکھ لیں وہ جو مرے دیدۂ تر کی صورت

دھندلا دھندلا نظر آتا ہے جہان رنگیں

اب وہ پہلی سی نہیں شمس و قمر کی صورت

پھول ایثار کے مرجھا نہیں سکتے اخترؔ

خیر کے سامنے پھلتی نہیں شر کی صورت

تجھے چھو کر نہ گزرے جو ہوا اچھی نہیں لگتی (غزل)

تجھے چھو کر نہ گزرے جو ہوا اچھی نہیں لگتی

جو پھولوں کو نہ چومے وہ صبا اچھی نہیں لگتی

ہمارے ساتھ رہنا ہے ہمارے ساتھ ہی رہنا

ہمیں کوئی بھی شے بے آسرا اچھی نہیں لگتی

گناہوں پر پشیماں ہونے والو صرف یہ سوچو

جو ہو دانستہ سرزد وہ خطا اچھی نہیں لگتی

وہ مجھ سے گفتگو کرتے ہوئے شرمائے جاتے ہیں

ملن کی شب میں تاروں کی ضیا اچھی نہیں لگتی

اگر آنکھوں میں بیٹھے ہو تو دل میں بھی اتر آؤ

ہو جس میں بے وفائی وہ وفا اچھی نہیں لگتی

شگفتہ پھول کی صورت رہو گلزار ہستی میں

بناوٹ جس میں ہو ایسی حیا اچھی نہیں لگتی

جہاں تک ہو سکے تعمیر کو پیش نظر رکھنا

کسی کے حق میں اخترؔ بد دعا اچھی نہیں لگتی

مزید غزلیں از سلیم اختر ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں