پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صلاح الدین ایوب کی غزلیں — Salahuddin Ayyub Ghazals

صلاح الدین ایوب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بندشیں توڑ کے ایسا تو نکل آیا تھا (غزل)

بندشیں توڑ کے ایسا تو نکل آیا تھا

چاند جیسے کہ فلک سے یہ پھسل آیا تھا

میرا یہ دل جسے پتھر بھی بہت نرم لگے

برف جیسا مرے سینے میں پگھل آیا تھا

ایسی وادی سے بھلا کون پلٹ کر آئے

ایک بچہ ہی سا تھا میں جو نکل آیا تھا

تم کو اندر کی بغاوت کا کوئی علم نہیں

جسم کو پیٹھ پہ رکھا تھا تو چل پایا تھا

ہاں میں رویا تھا نکلتے ہوئے اس روز مگر

تیرے ماتھے پہ بھی تھوڑا سا تو بل آیا تھا

ایک چھوٹی سی گزارش مری اب وقت سے ہے

بار بار آیا کرے جیسے وہ کل آیا تھا

اس ایک در کو بھی دیوار کر کے آیا ہوں (غزل)

اس ایک در کو بھی دیوار کر کے آیا ہوں

میں اپنے آپ سے انکار کر کے آیا ہوں

مجھے خبر ہے کہ یہ پیاس مار ڈالے گی

مگر میں آب کو دشوار کر کے آیا ہوں

بچا بچا کے رکھا تھا جسے زمانے سے

وہ گنبد آج میں مسمار کر کے آیا ہوں

مبادا خواب بکھرنا محال ہو جائے

میں خود کو نیند سے بیدار کر کے آیا ہوں

نہ تیرتی تھی نہ جو ڈوبتی تھی مدت سے

حوالے کشتی کو منجدھار کر کے آیا ہوں

مرا قصور بس اتنا ہی سا تو ہے ایوبؔ

کہ ڈوبتے کو میں اس پار کر کے آیا ہوں

آج میں عید مناؤں تو مناؤں کیسے (نظم)

آج میں عید مناؤں تو مناؤں کیسے

تجھ کو سینے سے لگاؤں تو لگاؤں کیسے

عید گاہ اب تو میں تنہا ہی نکل جاتا ہوں

ساتھ میں تجھ کو بھی لاؤں تو میں لاؤں کیسے

یاد آتا ہے تیرا انگلی پکڑ کر چلنا

ان جھرونکوں کو بھلاؤں تو بھلاؤں کیسے

تیرے ہم عمروں کی محفل ہی سے تو رونق تھی

محفلیں اب وہ سجاؤں تو سجاؤں کیسے

آج بھی ماں نے پکائی ہیں سوئیاں میٹھی

میں تجھے لا کے کھلاؤں تو کھلاؤں کیسے

چاند تو دیکھ لیا میں نے بہت صاف سا تھا

اپنے چندا کو دکھاؤں تو دکھاؤں کیسے

سال یہ بیت گیا راستہ تکتے تکتے

صبر اب ختم بتاؤں تو بتاؤں کیسے

مجھ کو معلوم ہے معصوم ہے مظلوم ہے تو

تجھ کو انصاف دلاؤں تو دلاؤں کیسے

مزید غزلیں از صلاح الدین ایوب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں