سلام نجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے ان آنکھوں میں یہ کیسا نشہ رکھا ہے (غزل)
جانے ان آنکھوں میں یہ کیسا نشہ رکھا ہے
جس نے دیکھا اسے بدمست بنا رکھا ہے
تم پلاؤ گے تو پی لیں گے ہمیں کیا اس سے
زہر ہے جام میں یا آب بقا رکھا ہے
ہم نشینی سے تمہاری ہے بہار ہستی
ان شب و روز میں تم ہی کہو کیا رکھا ہے
اس طرح آنے سے بہتر تھا نہ آتے صاحب
چند لمحوں کی ملاقات میں کیا رکھا ہے
موسموں کی طرح بدلا کئے وہ پر ہم نے
خود کو ہر حال میں پابند وفا رکھا ہے
آپ کا بزم تصور میں چلے آ جانا
ہم کو ماحول سے بیگانہ بنا رکھا ہے
شعر اپنے نہیں ممنون کسی کے نجمیؔ
ہم نے با فضل خدا ذہن رسا رکھا ہے
نہ یوں بار بار دیکھو مرا دل پگھل گیا تو (غزل)
نہ یوں بار بار دیکھو مرا دل پگھل گیا تو
میں کہاں تلک سنبھالوں یہ اگر مچل گیا تو
ہے یہ مشورہ تمہارا کہ میں دل پہ جبر کر لوں
کیا یہ تم بھی سہہ سکو گے میں اگر بدل گیا تو
یا تو دوش مجھ کو مت دو یا نقاب خود الٹ دو
تپش نظر سے میری جو نقاب جل گیا تو
کہو کب تلک کہو گے بے زباں نہیں ہوں میں بھی
کیا کرو گے میرے منہ سے کہیں کچھ نکل گیا تو
نہیں خوف برق مجھ کو کئی پھر سے بن سکیں گے
کہیں ساتھ آشیاں کے یہ چمن بھی جل گیا تو
میرے صبر و در گزر کو نہ سمجھنا بزدلی تم
یہ تمہیں پڑے گا مہنگا جو دماغ چل گیا تو
کسی فتنہ گر کا نجمیؔ ہے سدھار غیر ممکن
اسے معجزہ ہی کہنا جو کوئی سنبھل گیا تو