پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سجاد باقر رضوی کی غزلیں — Sajjad Baqar Rizvi Ghazals

سجاد باقر رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کم ظرف بھی ہے پی کے بہکتا بھی بہت ہے (غزل)

کم ظرف بھی ہے پی کے بہکتا بھی بہت ہے

بھرتا بھی نہیں اور چھلکتا بھی بہت ہے

اللہ کی مرضی کا تو سختی سے ہے پابند

حاکم کی رضا ہو تو لچکتا بھی بہت ہے

کوتاہ قدی کہتی ہے کھٹے ہیں یہ انگور

لیکن گہ و بے گاہ لپکتا بھی بہت ہے

پروا ہے نہ کچھ تال کی نے سر کی خبر ہے

پر ساز پہ دنیا کے مٹکتا بھی بہت ہے

شوریدگی بڑھتی ہے در لیلی زر پر

دیوار پہ یہ سر کو پٹکتا بھی بہت ہے

محفل میں تو سنیے ہوس جاہ پہ تقریر

پہلو میں یہی خار کھٹکتا بھی بہت ہے

باقرؔ جو بھٹکتا ہے معانی کے سفر میں

ہو صورت زیبا تو اٹکتا بھی بہت ہے

لفظ جب کوئی نہ ہاتھ آیا معانی کے لیے (غزل)

لفظ جب کوئی نہ ہاتھ آیا معانی کے لیے

کیا مزے ہم نے زبان بے زبانی کے لیے

یہ دوراہا ہے چلو تم رنگ و بو کی کھوج میں

ہم چلے صحرائے دل کی باغبانی کے لیے

زندگی اپنی تھی گویا لمحۂ فرقت کا طول

کچھ مزے ہم نے بھی عمر جاودانی کے لیے

میں بھلا ٹھنڈی ہوا سے کیا الجھتا چپ رہا

پھول کی خوش بو بہت تھی سرگرانی کے لیے

ٹوٹ پڑتی تھیں گھٹائیں جن کی آنکھیں دیکھ کر

وہ بھری برسات میں ترسے ہیں پانی کے لیے

راکھ ارمانوں کی گیلی لکڑیاں احساس کی

ہم کو یہ ساماں ملے شعلہ بیانی کے لیے

شمع ہو فانوس سے باہر تو گل ہو جائے گی

بندش الفاظ مت توڑو معانی کے لیے

دو کنارے ہوں تو سیل زندگی دریا بنے

ایک حد لازم ہے پانی کی روانی کے لیے

آج کیوں چپ چپ ہو باقرؔ تم کبھی مشہور تھے

دوستوں یاروں میں اپنی خوش بیانی کے لیے

پریت نگر سے پھیری والا میری گلی میں آیا (نظم)

پریت نگر سے پھیری والا میری گلی میں آیا

چوڑی، لونگ، انگوٹھی، چھلے رنگ برنگے لایا

میں نے پوچھا اور بھی کچھ ہے، بولا میٹھا سپنا

جس کو لے کر جیون بھر اک نام کی مالا جپنا

میں نے کہا کیا مول ہے اس کا، بولا اک مسکان

تن میں آگ لگاؤ اس سے رکھو من کی آن

سستا سودا دیکھ کے آخر میں پگلی مسکائی

جیون بھر کا روگ سمیٹ کے میں کیسی اٹھلائی

رہے گا لال گلاب سا سپنا کب تک میرے سنگ

کب تک اس میں باس رہے گی، کب تک اس میں رنگ

اس کے تار بکھر جائیں گے کب میرا دل مانے

دل پہ رہے گا کب تک جادو پھیری والا جانے

مزید غزلیں از سجاد باقر رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں