پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سجاد بلوچ کی غزلیں — Sajjad Baluch Ghazals

سجاد بلوچ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چہچہاتی چند چڑیوں کا بسر تھا پیڑ پر (غزل)

چہچہاتی چند چڑیوں کا بسر تھا پیڑ پر

میرے گھر اک پیڑ تھا اور ایک گھر تھا پیڑ پر

موسم گل تو نے سوچا ہے کہ اس کا کیا بنا

تیرے لمس مہرباں کا جو اثر تھا پیڑ پر

اب ہوا کے ہاتھ میں تو اک تماشا بن گیا

زرد سا پتا سہی میں معتبر تھا پیڑ پر

اس لیے میرا پرندوں سے لگاؤ ہے بہت

میں بھی تو کوئی زمانہ پیشتر تھا پیڑ پر

اس دفعہ تو فصل گل کے ساتھ آئیں آندھیاں

اڑ گیا سب جو مرے خوابوں کا زر تھا پیڑ پر

تم غلط سمجھے ہمیں اور پریشانی ہے (غزل)

تم غلط سمجھے ہمیں اور پریشانی ہے

یہ تو آسانی ہے جو بے سر و سامانی ہے

خواہش دید سر وصل جو نکلی نہیں تھی

لمحۂ ہجر میں تجرید کی عریانی ہے

کیوں بھلا بوجھ اٹھاؤں میں ترے خوابوں کا

میرے آئینے میں کیا کم کوئی حیرانی ہے

ایک مدت سے جو بیٹھی ہے مری پلکوں پر

خانۂ دل میں وہ صورت ابھی انجانی ہے

ڈوب جاتا ہے سر شام ہمارا دل بھی

یہ بھی سورج کی طرح رات کا زندانی ہے

خود کو ہم بیچ کے اک خواب تو لے پائے نہیں

تیرے بازار میں کس چیز کی ارزانی ہے

کس بھروسے پہ میں ٹکراؤں ہوا سے سجادؔ

گر بکھرتا ہوں تو اطراف میں سب پانی ہے

مزید غزلیں از سجاد بلوچ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں