پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سجاد بابر کی غزلیں — Sajjad Babar Ghazals

سجاد بابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دھیمی بارش کی لے میں احوال سناتے رہنا (غزل)

دھیمی بارش کی لے میں احوال سناتے رہنا

اس کا ایک جھروکے میں پھر شال سکھاتے رہنا

جانے کس کی یاد آتی ہے ساحل ساحل جا کر

ریت پہ زخمی پوروں سے اشکال بناتے رہنا

ربط اک شے کلیوں سے کومل اور ہوائیں مورکھ

ٹوٹے اس کے تار تو کیا سر تال ملاتے رہنا

کیا جانے کب لمحوں کی مفرور سماعت لوٹے

اچھی اچھی آوازوں کے جال بچھاتے رہنا

اپنی تو میراث یہی ہے رات گواہی دے گی

دن کے عارض شام سویرے لال بناتے رہنا

اس نے تو آتے رہنا ہے صحن میں رم کرنے کو

روز غزال درد کے ماتھے خال لگاتے رہنا

بھٹکی ہے اجالوں میں نظر شام سے پہلے (غزل)

بھٹکی ہے اجالوں میں نظر شام سے پہلے

یہ شام ڈھلے کا سا اثر شام سے پہلے

سکتے میں سسکتے ہوئے تابوت کھلیں گے

اچھا ہے نکل جائے یہ ڈر شام سے پہلے

وہ رزمیہ پڑھتے ہیں وہ اکساتے ہیں مجھ کو

جاتی ہوئی کرنوں کے بھنور شام سے پہلے

میں ٹیلے پہ بیٹھا تو سنی شہر کی سسکی

دیکھے مرے آنگن مرے گھر شام سے پہلے

اے صبح کے تارے کی ضیا اوس کی ٹھنڈک

اک روز مری چھت پہ اتر شام سے پہلے

اس بار شب چار دہم کچھ تو پرکھنا

پھر کاٹ نہ دینا مرے پر شام سے پہلے

وہ قمقمے بازار کے مجھ سے ہیں شناسا

اس سمت بھی جاتا ہوں مگر شام سے پہلے

میں درد کے قصبے میں بہت دیر سے پہنچا

بک جاتے ہیں سب تازہ ثمر شام سے پہلے

اک تذبذب کی سرائے (نظم)

اک تذبذب کی سرائے

ساعتوں کے میل سے

بوجھل مگر روشن چھتیں دیوار و در

اور راہدری میں ابھرتی

اجنبی قدموں کی

ہلکی تیز چاپ

اور خاموشی کا لمس جیسے سائبہ

پھر صحن میں آ کر اترتے

قافلوں کی فاصلوں سے چور آوازیں

سفر میں یوں اچانک آنے والے

اس پڑاؤ کی

لپٹتی میزباں ٹھنڈک سے

سحر آگیں طراوت پا رہی ہیں

سیڑھیوں سے دور

دالانوں کے گوشے میں کھڑا اک عکس

اپنے ہم نشینوں

ہم رکابوں کا امیر

ان کا محبی

پھر بھی

اس تشکیک کی

بلور ساعت میں

ہر اک سے بد گماں

اس سوچ میں غلطاں

کہ جیسے

اس سفر ہو رائیگاں

مزید غزلیں از سجاد بابر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں