پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سجاد حیدر کی غزلیں — Sajjad Haider Ghazals

سجاد حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گجروں کلیوں کے موسم میں یاد کوئی جب آتا ہے (غزل)

گجروں کلیوں کے موسم میں یاد کوئی جب آتا ہے

اک ان دیکھا خوشبو والا ہاتھ مجھے چھو جاتا ہے

حدت کون ملا دیتا ہے سرد ٹھٹھرتے جذبوں میں

سوچوں پر جو برف جمی ہے کون اسے پگھلاتا ہے

جانے کتنے منظر ہیں جو ان دیکھے رہ جاتے ہیں

اک ایسا بھی منظر ہے جو آنکھوں میں رہ جاتا ہے

کرچی کرچی خواب ہوئے تو آنکھیں خوں میں ڈوب گئیں

نیند کی کھڑکی توڑ کے کوئی ساری رات جگاتا ہے

میرے سونے آنگن میں سجادؔ مری پرچھائیں ہے

کس کی بھولی سوچ کا پاؤں ایسے میں در آتا ہے

سوچوں کے بن باس میں آخر کچھ تو سوجھ ہی جائے گا (غزل)

سوچوں کے بن باس میں آخر کچھ تو سوجھ ہی جائے گا

یہ رستوں کا پیچ و خم خود منزل بھی دکھلائے گا

ممکن ہے کہ تجھ کو اب تک خاک نظر نہ آتا ہو

وقت بلا کا شاطر ہے وہ چالیں چلتا جائے گا

آنکھیں رو رو چمکا لی ہیں اجلے منظر تکنے کو

سورج پر جو گرد پڑی ہے اس کو کون ہٹائے گا

سارے اچھے موسم اس کی خواہش میں ہی بیت گئے

کیا وہ اب ان زرد رتوں میں مجھ سے ملنے آئے گا

سوکھے پتے اوڑھ کے اپنے تن پہ آنکھیں بند کیے

سوچ رہا ہوں کوئی آ کر دیپک راگ سنائے گا

تیری میری عقل کے ناطے آج بھی ہیں سجادؔ جدا

جو میں بات سمجھ نہیں پایا تو کیسے بتلائے گا

مزید غزلیں از سجاد حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں