پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجدہ منور سحر کی غزلیں — Sajida Munawwar Sahar Ghazals

ساجدہ منور سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اچھا کیا جو سر پہ مرے آسرا کیا (غزل)

اچھا کیا جو سر پہ مرے آسرا کیا

احسان مجھ پہ آپ نے بے شک بڑا کیا

یوں تو خدا کی دین ہے سب کے لیے مگر

ہاں جس کا جتنا ظرف ہے اتنا عطا کیا

یہ کیسا اتفاق سفر میں ہے کیا کہوں

منزل تھی میری دور ہی جب جب پتا کیا

تھی آرزو خوشی کی مگر زیست میں مری

ہر ایک گام پر مجھے غم ہی ملا کیا

تھا فن گفتگو میں ترے ایسا بانکپن

سچ اور جھوٹ کا نہ کسی نے پتہ کیا

معلوم تھی نہ مجھ کو زمانے کی رسم و ریت

تلخی سے زندگی کی مجھے آشنا کیا

کس طرح مل گئی یہ تمہیں روشنی بھلا

دل میرا شمع کی طرح برسوں جلا کیا

نقصان اٹھاتے رہنے کی عادت سی پڑ گئی

کب آپ نے بھی زیست میں میرا بھلا کیا

سیکھا ہنر نہ زیست کا جب تو نے اے سحرؔ

کس طرح زندگانی سے تو نے وفا کیا

مزید غزلیں از ساجدہ منور سحر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں