ساجدہ خاتون تشنہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم نہیں جانتے وفا کیا ہے (غزل)
تم نہیں جانتے وفا کیا ہے
درد دل کے لئے دوا کیا ہے
جو جفاکار ہی رہے ہر دم
وہ نہیں جانتے جفا کیا ہے
شوق دیدار ہی رہا ہر دم
اس جہاں میں مگر ملا کیا ہے
ہر طرف رنگ ہے فریب نظر
جلوہ گر اس کی یہ ادا کیا ہے
زندگی قید و بند ہے شاید
زندگی گر یہ ہے سزا کیا ہے
روٹھ کر چل گئے جہاں سے وہ
زندگی تجھ میں اب دھرا کیا ہے
سارے گلشن فسردہ ساماں ہیں
غنچہ غنچہ کو اب ہوا کیا ہے
زندگی تجھ سے میں نے سیکھا ہے
آرزو کیا ہے مدعا کیا ہے
تجربے سے ہوا ہے اب معلوم
دہر کیا چیز ہے خدا کیا ہے
عمر آخر کو آ گئی تشنہؔ
جا تو اب بزم میں رکھا کیا ہے
زمیں خشک ہے آسماں سو رہا ہے (غزل)
زمیں خشک ہے آسماں سو رہا ہے
غم زندگی ہے جہاں سو رہا ہے
نہ شب کی سیاہی نہ ہے روز روشن
زمیں ہے فسردہ زماں سو رہا ہے
گرجتے ہیں بادل تڑپتی ہے بجلی
مچی دھوم ایسی اماں سو رہا ہے
چمن جلوہ گر ہے نوا سنج بلبل
بڑے لطف سے مہرباں سو رہا ہے
چمن کی ہر اک شاخ نو منتظر ہے
شعاعوں کا کیوں کارواں سو رہا ہے
سیاہی یہ کیسی جہاں میں ہے پھیلی
الٰہی تو اس دم کہاں سو رہا ہے
حلاوت نہ ہے تشنہؔ اب گفتگو میں
کہاں تو مرے جان جاں سو رہا ہے