پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجد صدیقی لکھنوی کی غزلیں — Sajid Siddiqi Lakhnavi Ghazals

ساجد صدیقی لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر تمنا دل سے رخصت ہو گئی (غزل)

ہر تمنا دل سے رخصت ہو گئی

آج مستحکم محبت ہو گئی

بن گئی بیمار غم کی زندگی

ان کی جب چشم عنایت ہو گئی

شکریہ جو آپ آئے دیکھنے

کم سے کم جینے کی صورت ہو گئی

غیر اپنے اور اپنے غیر ہیں

کیا سے کیا دنیا کی حالت ہو گئی

دیکھیے ضبط محبت کا مآل

اشک غم پینے کی عادت ہو گئی

مسکرائے مجھ کو روتا دیکھ کر

آپ کی ظاہر محبت ہو گئی

تم سے مل کر اتنے غم سہنے پڑے

غم پسندانہ طبیعت ہو گئی

جن کا ساجدؔ عمر بھر کہنا کیا

اب انہیں کو ہم سے نفرت ہو گئی

ہے جرم محبت تو سزا کیوں نہیں دیتے (غزل)

ہے جرم محبت تو سزا کیوں نہیں دیتے

یارو ہمیں اک روز مٹا کیوں نہیں دیتے

ہم راہ میں دیوار کی مانند کھڑے ہیں

دیوار کو ٹھوکر سے گرا کیوں نہیں دیتے

میخانے کے آداب سے واقف جو نہیں ہم

محفل سے ہمیں اپنی اٹھا کیوں نہیں دیتے

جب ہم نے لگایا تھا گلے سے تمہیں اپنے

اس دور کی تاریخ بھلا کیوں نہیں دیتے

مشہور زمانہ جو ہے سچائی ہماری

پھر تم ہمیں سولی پہ چڑھا کیوں نہیں دیتے

اے راہبرو کعبہ و کاشی کو ملا کر

میخانے کی اک راہ بنا کیوں نہیں دیتے

جن لوگوں کو دعویٰ ہے مسیحائی کا ساجدؔ

وہ لوگ ہمیں زہر پلا کیوں نہیں دیتے

علم سے اپنی شان ہے یارو (نظم)

علم سے اپنی شان ہے یارو

علم سے اپنی آن ہے یارو

علم سے عزت وطن بھی ہے

علم سے حرمت چمن بھی ہے

علم حاصل ہے زندگانی کا

علم حاصل ہے کامرانی کا

علم اک شہر ہے محبت کا

علم اک دیش ہے صداقت کا

علم اک پرچم وفا بھی ہے

علم آئینۂ حیا بھی ہے

علم سے روشنی ملی ہم کو

علم سے زندگی ملی ہم کو

علم سے تیرگی کو دور کرو

کام اچھا ہے تم ضرور کرو

علم سے اپنا بول بالا ہے

ساری دنیا میں جو اجالا ہے

علم کی روشنی دکھاؤ انہیں

علم کیا چیز ہے دکھاؤ انہیں

آؤ مل جل کے ہم پڑھیں یارو

سیدھے رستے پہ ہم چلیں یارو

مزید غزلیں از ساجد صدیقی لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں