پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجد سجنی لکھنوی کی غزلیں — Sajid Sajni Lakhnawi Ghazals

ساجد سجنی لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شباب اس کا تھا اک عطر دان کی خوشبو (غزل)

شباب اس کا تھا اک عطر دان کی خوشبو

سمیٹ لایا تھا سارے جہان کی خوشبو

بڑھی جو عمر تو حالات نے بھی رخ موڑا

اب ان سے آنے لگی دادا جان کی خوشبو

جو اک کھنڈر ہے ہماری گلی کے نکڑ پر

وہاں سے آتی ہے اک خاندان کی خوشبو

یہ راز میں نہ سمجھ پائی آج تک بھابی

کہ تم سے آتی ہے کیوں بھائی جان کی خوشبو

لپٹ کے سو گئی کل رات ان کے سینے سے

بھلی کچھ ایسی لگی امی جان کی خوشبو

جدھر بھی جاتی ہوں چہرے ہیں جھریوں والے

کہیں سے آتی نہیں نوجوان کی خوشبو

مجھے اس طرح نہ دیکھو مرا دل مچل نہ جائے (غزل)

مجھے اس طرح نہ دیکھو مرا دل مچل نہ جائے

یہ بلا کا منچلا ہے کسی پر پھسل نہ جائے

مری بچی رو رہی ہے میں ابھی سلا کے آئی

ذرا بھابھی دیکھتے رہنا کہیں دودھ ابل نہ جائے

کرو چھیڑ اب نہ مجھ سے نہ جگاؤ سوئے فتنے

جو چراغ بجھ چکا ہے کہیں پھر سے جل نہ جائے

یہ کہاں کا چوچلا ہے ذرا ہٹ کے کھیلو منا

مرا ریشمی غرارہ کہیں مل گجل نہ جائے

تجھے اس لئے پڑوسن میں نظر میں رکھ رہی ہوں

کہیں ان سے ہنستے ہنستے تری دال گل نہ جائے

یہ تو مانتی ہوں سجنیؔ کہ ملی ہو بعد مدت

مجھے اس قدر نہ بھینچو مرا دم نکل نہ جائے

مزید غزلیں از ساجد سجنی لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں