پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجد صفدر کی غزلیں — Sajid Safdar Ghazals

ساجد صفدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب مری گردن پہ اس نے اپنا خنجر رکھ دیا (غزل)

جب مری گردن پہ اس نے اپنا خنجر رکھ دیا

لوگ اٹھے اور اس کے تاج سر پر رکھ دیا

بوند ہی کافی تھی جب سیراب ہونے کے لیے

خشک ہونٹوں پر یہ تم نے کیوں سمندر رکھ دیا

اب بھٹکتے پھر رہے ہیں راحت جاں کے لیے

یہ کمی اپنی ہے جو سب کچھ بھلا کر رکھ دیا

کھا کے ٹھوکر آ گیا اب مجھ کو چلنے کا ہنر

شکریہ تم نے جو میری رہ میں پتھر رکھ دیا

سوچتا ہوں مر نہ جاؤں بوجھ سے دب کر کہیں

آج اک کم ظرف نے احسان سر پر رکھ دیا

طنزیہ لہجے میں ہم سے بات مت کیجے حضور

ایسا لگتا ہے کسی نے دل پہ نشتر رکھ دیا

جس طرح اخبار پڑھ کے کوئی رکھ دے اک طرف

میں نے ساجدؔ اس طرح دنیا کو پڑھ کر رکھ دیا

علم و فن کا جو طلب گار نہیں ہو سکتا (غزل)

علم و فن کا جو طلب گار نہیں ہو سکتا

میرا دعویٰ ہے وہ فن کار نہیں ہو سکتا

آج وہ عشق میں مرنے پہ بھی آمادہ ہے

کل جو کہتا تھا مجھے پیار نہیں ہو سکتا

جھوٹ بولا بھی تو معصوم کی جاں کی خاطر

میں خطا‌ وار گنہ گار نہیں ہو سکتا

وہ یقیناً ہے مرے ساتھ مری رگ رگ میں

اس کا دھوکا مجھے ہر بار نہیں ہو سکتا

مجھ کو بستی کے سبھی لوگ دعا دیتے ہیں

میرا رستہ کبھی دشوار نہیں ہو سکتا

جو زمیں چھوڑ دے شہرت کے لیے پل بھر میں

وہ بلندی کا تو حق دار نہیں ہو سکتا

میں نے رکھا ہے بھرم اپنی زباں کا ساجدؔ

میرا لہجہ کبھی تلوار نہیں ہو سکتا

مزید غزلیں از ساجد صفدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں