پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجد رضوی کی غزلیں — Sajid Rizwi Ghazals

ساجد رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غم رہا باقی نہ غم کا امتحاں باقی رہا (غزل)

غم رہا باقی نہ غم کا امتحاں باقی رہا

میرے غم سے عشق کا نام و نشاں باقی رہا

فصل گل کا اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگا سلوک

بجلیوں کی چھاؤنی میں آشیاں باقی رہا

جب کسی صورت وہ میرا درد دل سنتے نہیں

پھر کہاں لطف زباں لطف بیاں باقی رہا

آخری دم تک محبت میں ہزاروں غم سہے

مجھ پہ لطف زیست کا پھر بھی گماں باقی رہا

تنکا تنکا گلستاں کا ہو گیا صرف خزاں

بجلیوں کی نذر کو اک آشیاں باقی رہا

پھول بنتے ہی کلی کا راز ہستی کھل گیا

چار دن بھی حسن کا پردہ کہاں باقی رہا

رفتہ رفتہ اٹھ گئے سارے حجابات نظر

پردۂ ناز ان کے میرے درمیاں باقی رہا

کتنی دردانگیز ہے اے دوست تاریخ بہار

لٹ گیا سارا چمن اک آشیاں باقی رہا

درد و غم کی چاندنی میں رحم دل ہنسنے لگے

اشک باری میں جو عالم تھا کہاں باقی رہا

رہنما ہیں وہ نہ وہ جادہ نہ وہ رفتار ہے

کارواں کیسا فریب کارواں باقی رہا

بات یہ ساجدؔ زمانے بھر میں ہے مانی ہوئی

میرے ہی سجدوں سے ان کا آستاں باقی رہا

حال دل آشکار کرتا ہوں (غزل)

حال دل آشکار کرتا ہوں

آج انہیں اشک بار کرتا ہوں

پیرہن تار تار کرتا ہوں

اہتمام بہار کرتا ہوں

اپنی ہستی سے بے خبر ہو کر

آپ کا انتظار کرتا ہوں

تیرے وعدے پہ تیرے سر کی قسم

دل سے میں اعتبار کرتا ہوں

قصۂ درد و غم سنا کے انہیں

آج پھر بے قرار کرتا ہوں

شام غم وہ نہ آئیں گے لیکن

پھر بھی میں انتظار کرتا ہوں

دل ہے کیا چیز دل کی ہستی کیا

جان تم پر نثار کرتا ہوں

درد و غم کی فضائیں روشن ہیں

داغ دل کے شمار کرتا ہوں

ان کے نقش قدم پہ میں ساجدؔ

سجدے دیوانہ وار کرتا ہوں

مزید غزلیں از ساجد رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں