ساجد رئیس وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چپکے سے ہوا آئے تو لگتا ہے کہ تم ہو (غزل)
چپکے سے ہوا آئے تو لگتا ہے کہ تم ہو
دھیرے سے تھپک جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
وہ گیت جو ایک بار کبھی تم سے سنا تھا
وہ گیت کوئی گائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
اس دھوپ بھرے شہر میں جب میرے برابر
سایا کوئی لہرائے تو لگتا ہے کہ تم
ویسے تو کوئی پیار سے ملتا نہیں لیکن
ایسا کبھی ہو جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
آنکھوں میں لیے شرم میرے پاس سے ساجدؔ
جب کوئی گزر جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
آنے والے لمحوں کی روشنی کو لکھنا ہے (غزل)
آنے والے لمحوں کی روشنی کو لکھنا ہے
ایک نئی عبارت میں زندگی کو لکھنا ہے
بولنے لگیں اپنے گھر کے سب در و دیوار
جو سنائی دے ایسی خامشی کو لکھنا ہے
ایک حسین بچے کی کیا حسین خواہش ہے
چاند کی طرف سے خط چاندنی کو لکھنا ہے
ایک دو کی کوشش سے وقت کیسے بدلے گا
اپنے وقت کی قسمت ہم سبھی کو لکھنا ہے
اپنی شخصیت آخر کیوں اثر نہیں رکھتی
آج اپنے اندر کی اس کمی کو لکھنا ہے
لفظ لفظ ہو جس کا پھول کی طرح ساجدؔ
ایسی خوشبوؤں والی شاعری کو لکھنا ہے
گر تعلق ہی ترک کرنا تھا (نظم)
گر تعلق ہی ترک کرنا تھا
مجھ سے پھر پیار کیوں کیا تو نے
مسکراتی لجاتی آنکھوں سے
ایک اقرار کیوں کیا تو نے
میں نے کب تیرا پیار مانگا تھا
میں نے کب تیری آرزو کی تھی
میں تو خاموش تھا فلک کی طرح
میں نے کب تیری جستجو کی تھی
تو نے خود مسکراتی آنکھوں سے
مجھ کو آواز دے کے چونکایا
میرے نازک ناآشنا دل کو
حسن کا ساز دے کے چونکایا
اب وہ قسمیں وہ عہد وہ وعدے
جانے کیا ہو گئے خدا جانے
وہ جنوں خیز آتشی جذبات
اب کہاں کھو گئے خدا جانے
جانے کیوں اب تری حسیں آنکھیں
میری جانب کبھی نہیں اٹھتی
جانے کیوں اب حسین گالوں پر
پھول کی پنکھڑیاں نہیں کھلتی
کاش پہلے ہی کہہ دیا ہوتا
آج میں اپنی زندگانی سے
اس قدر دور نہ ہوا ہوتا