ساجد رحیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھوٹ کہتے ہیں کہ آواز لگا سکتا ہے (غزل)
جھوٹ کہتے ہیں کہ آواز لگا سکتا ہے
ڈوبنے والا فقط ہاتھ ہلا سکتا ہے
اور پھر چھوڑ گیا وہ جو کہا کرتا تھا
کون بد بخت تجھے چھوڑ کے جا سکتا ہے
راستہ بھولنا عادت ہے پرانی اس کی
یعنی اک روز وہ گھر بھول کے آ سکتا ہے
شرط اتنی ہے کہ تو اس میں فقط میرا ہو
پھر تو اک خواب کئی بار دکھا سکتا ہے
آنکھ بنتی ہے کسی خواب کا تانا بانا
خواب بھی وہ جو مری نیند اڑا سکتا ہے
اس نے کیا سوچ کے سونپا ہے کہانی میں مجھے
ایسا کردار جو پردے بھی گرا سکتا ہے
میرے رزاق سے کرتی ہے مری بھوک سوال
کیا یہیں رزق کے وعدے کو نبھا سکتا ہے
تم نہ مانو گے مگر میرے چلے جانے پر
اک نہ اک روز تمہیں صبر بھی آ سکتا ہے
کام آ کر بھی تو ہر شخص کے تنہا ہونا (غزل)
کام آ کر بھی تو ہر شخص کے تنہا ہونا
میں نہ کہتا تھا کہ اچھا نہیں اچھا ہونا
ٹال دیتا ہوں بہانے سے سبھی لوگوں کو
مجھ کو آیا نہ ترے بعد کسی کا ہونا
تیرے حصے کی محبت تو تجھے ملنی تھی
میرے ذمے تھا فقط اس کا وسیلہ ہونا
ہائے کس کرب سے کہتی تھیں وہ خالی آنکھیں
تم تو سمجھو گے مجھے تم تو مسیحا ہو نا
لاکھ بہتر ہے زمانے کی خبر رکھنے سے
ایک ہی شخص کے ہر دکھ سے شناسا ہونا